کراچی(اسٹاف رپو رٹر) چیف ٹیکنیکل آفیسر پی آئی اے عامر علی نے کہا ہے کہ جشن آزادی ہر سال ہمیں تجدید عہد کے ساتھ غور و فکر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ہر قوم کے لئے سب سے بڑی نعمت اور سر بلندی کی علامت قوم کی آزادی ہے۔ یہ دن قیام پاکستان کے مقاصد اور ہمارے عزم کا سبق دیتا ہے۔ آئیے ہم سب ایسے ہی ایک عزم کے ساتھ قومی ائیرلائن اور ملک کی سربلندی اور خوشحالی کیلئے سچا پاکستانی بننے کا عہد کریں ہم خوشیوں کے ساتھ شکرانے کے نوافل بھی ادا کریں ۔یہ بات انہوں نے PIA ہیڈ آفس کے سر سبز لان میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔یہ تقریب پی آئی اے اسکاﺅٹس اور انڈسٹریل ریلیشن ڈویزن کے زیرِ اہتمام منعقد کی گئی۔ صوبائی کمشنر محمد اسلم طارق، نائب صوبائی کمشنر ممتاز احسن زبیری، صوبائی سیکریٹری راشد امین ڈار، ڈپٹی صوبائی سیکر یٹری شمس خان، ڈسٹرکٹ کمشنرز راشد ظفر، محمد سجاول و دیگر نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا۔پی آئی اے اسکاﺅٹ دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔۔تقریبات کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا۔سیکرٹری پبلک ریلیشنز سید محبوب قادری کے مطابق پی آئی اے اسکاﺅٹس دستوں نے۱۲ اہم عمارتوں پر پرچم کشائی کی۔ اور ملک بھر میں قائم PIA اسکاﺅٹ ہیڈ کوارٹرز پر ڈسٹرکٹ کمشنرز نے تقریبات کا آغاز پر چم کشائی سے کیا۔ قومی و ملی نغموں ، تقریری مقابلوں اور سمینارہوئے۔ ۱۰۰ سے زائد اسکاﺅٹس پر مشتمل دستے نے مہمان خصوصی سیکریٹری طارق انصاری کے ہمراہ پہلے چیف اسکاﺅٹ قائد اعظم کے مزار پر حاضری دی پھلولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔