لاہور (خصوصی رپورٹر) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے 17اگست کل جمعرات اور 18 اگست پرسوں جمعہ کو قومی اسمبلی میں انتخابی اصلاحات کے بل پر بحث ہو گی۔ وہ گزشتہ روز جاتی عمرہ میں سابق وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے صحافیوں کے سوال کے جواب میں کہا جو ہونا تھا ہو گیا اب ہمیں آگے بڑھنا چاہئے۔ پاکستان کا ہر علاقہ نوازشریف کو ویلکم کہنے کو تیار ہے۔ میاں نوازشریف نے کارکنوں اور دوستوں کے مشورے پر اسلام آباد سے براستہ جی ٹی روڈ لاہور آنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا آئین کے آرٹیکل 62‘ 63 کے حوالے سے کسی سے رابطہ نہیں ہوا کسی نے رابطہ کیا تو ضرور بات کروں گا۔ جمہوریت کو ایسے مضبوط کرنا ہے تاکہ ووٹ کا تقدس پامال نہ ہو۔ انہوں نے کہا سیاسی جماعتیں آرٹیکل 62‘ 63 پر نظرثانی کے حوالے سے مجھ سے رابطہ کریں گی تو میں تعاون کروں گا اور میٹنگ ضرور کروں گا مگر ابھی تک نہ حکومت اور نہ ہی اپوزیشن نے رابطہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا جہاں سے لوگ زیادہ شدت سے نوازشریف کو بلائیں گے وہ وہاں جائیں گے۔ میری این اے 120 کے الیکشن کے حوالے سے میاں نوازشریف سے کوئی بات نہیں ہوئی‘ میری قومی اسمبلی میں معاملات پر بات ہوئی۔ جمعرات کو الیکشن اصلاحات بل آنا ہے اس بل پر 125 میٹنگز ہوئی ہیں یہ بہت ہی اہم بل ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف میرے دل میں ابھی تو وزیراعظم ہیں‘ اسی لئے نوازشریف کے لئے میرے منہ سے بار بار وزیراعظم ہی نکلتا ہے۔ اجلاس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ نوازشریف نے اجلاس میں کسی ادارے سے تصادم کی بات نہیں کی بلکہ انہوں نے اپنا حق لینے کی بات کی ہے۔