کراچی( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ سخت محنت کوشعار بناکرملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے کہ تبدیلی آرہی ہے نیا پاکستان بننے جارہا ہے طلباء اور طالبات کو اچھی تعلیم کے حصول پر بھرپور توجہ دینی چاہیے۔ ان خیال کا اظہار انہو ںنے کراچی میں جناح یونیورسٹی برائے خواتین میں جشن آزادی کے سلسلے میں رنگارنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، قومی کپتان نے کہا کہہر فرد کو اپنے شعبے میں احساس ذمے داری کے ساتھ قومی ترقی کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی۔قومی کپتان نے کہا کہ یہ امر خوش کن ہے کہ جامعات سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا و طالبات مختلف شعبہ ہائے زندگی سے منسلک ہوکر پاکستان کے استحکام کے لیے کوشاں ہیں۔سرفرازاحمد نے کہا کہ نئے پاکستان کی تکمیل کے لیے سب کو مل کر جدوجہد کرنی ہوگی، عزم اور لگن کے ساتھ سخت محنت کو اپنا شعار بناکر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی میدان میں جذبہ حب الوطنی سے سر شار ہوکر اپنے ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تقریب میں ویمن کرکٹرز عالیہ ریاض،، ارم جاوید اور عائشہ ظفر بھی موجود تھیں، آخر میں سرفراز احمد نے تقریب کی مناسبت سے پاکستان کی آزادی کی 71 ویں سالگرہ کے موقع پر خصوصی کیک بھی کاٹا۔یاد رہے کہ اس سے قبل ایک تقریب کے دوران ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہاکہ پوری قوم جشن آزادی جوش و جذبے سے منانے کی تیاری کر رہی ہے، اہلیان وطن کو یوم آزادی مبارک ہو، ایک اور سوال کے جواب میں سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال جشن آزادی چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ منایا تھا، کوشش ہوگی کہ اگلے برس جشن آزادی ورلڈ کپ ٹرافی کے ساتھ منائیں۔قومی ٹیم اب اگلے ماہ ایشیاء کپ میں شرکت کرے گی جہاں19ستمبر کو اس کا مقابلہ روایتی حریف بھارت کے خلاف ہوگا۔