پشاور(بیورورپورٹ)سپیکرخیبرپختونخوااسمبلی کے انتخاب کیلئے جاری پولنگ کیلئے بروقت نہ پہنچنے پر پیپلز پارٹی کی خاتون رکن نگہت یاسمین اورکزئی نے ایوان میں شدید احتجاج کیالیکن اس کے باوجود پریزائیڈنگ آفیسرنے خاتون رکن کو ووٹ ڈالنے کاموقع نہیں دیا۔بدھ کے روز خیبرپختونخوااسمبلی میں سپیکرشپ کیلئے پولنگ کاعمل ختم ہوا تو اس دوران آزادرکن محمددیداراورپی پی کی خاتون رکن نگہت یاسمین اورکزئی ایوان سے غیرحاضرتھے تاہم جب بیلٹ بکس گنتی کیلئے کھولاگیاتو اسی اثناء نگہت ا ورکزئی ایوان میں پہنچ گئیں پریزائیڈنگ افیسر اورنگزیب نلوٹھا کی جانب سے انہیں ووٹ کاحق نہ دینے پر خاتون رکن نے شدید احتجاج کیا اوربولتی رہی کہ ووٹ انکا حق ہے پولنگ کیلئے کوئی ٹائم مقررنہیں تھا مجھے ووٹ ڈالنے دیاجائے اوریوں نگہت اورکزئی ووٹ ڈالنے سے محروم رہ گئیں،نگہت اورکزئی نے ایوان میں شدید احتجاج کیا اور بعد ازاں ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے احتجاجاً ووٹ کاسٹ کرنے سے انکار کردیا تاہم سپیکر اور مسلم لیگ (ن) کی رکن ثوبیہ خان کے اسرار پر انہوں نے ووٹ کاسٹ کردیا جس پر ہال میں شیم شیم کی آوازیں آنے لگی۔قبل ازیں انہوں نے اسمبلی ہال میں ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ کے نعرے بھی لگائے اس دوران دیگر اراکین کی جانب سے ووٹ کو عزت دو کے نعرے لگائے گئے تاہم ان نعروں کے دوران ’’وقت کو عزت دو‘‘ کے نعرے بھی سنائی دیئے۔