رومانیہ میں پاک بحریہ کے دوسرے آف شور پٹرول ویسل کی سٹیل کٹنگ تقریب منعقد ہوئی

لاہور(خبر نگار)پاک بحریہ کے لئے تیار کئے جانے والے دوسرے آف شور پٹرول ویسل کی سٹیل کٹنگ کی تقریب ڈامن شپ یارڈ گلاٹی رومانیہ میں منعقد ہوئی۔ رومانیہ میں تعینات پاکستان کے سفیر صفدر حیات تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ پاک بحریہ کے ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (آپریشنز) ریئر ایڈمرل فیصل رسول لودھی، وزارت دفاعی پیداوار کے نمائندگان اور نیول ہیڈکوارٹرز کے اعلیٰ آفیسرز بھی تقریب میں موجود تھے۔ سٹیل کٹنگ کی تقریب میں ڈامن شپ یارڈ، ہالینڈ کے گورنچم اور رومانیہ کے گلاٹی شپ یارڈز کی اعلیٰ انتظامیہ نے بھی شرکت کی۔ پاک بحریہ کے لئے دو جدید کثیر المقاصد آف شور پٹرول ویسلز کی تیاری کا معاہدہ سال 2017ءمیں پاکستان کی وزارت دفاعی پیداوار اور ہالینڈ کی فرم ڈامن کے مابین طے پایا۔ یہ آف شور پٹرول ویسلز پاک بحریہ کی جنگی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ پاک بحریہ کے زمانہ امن وجنگ میں کئے جانے والے آپریشنز کی استعداد میں اضافے کا باعث ہوںگے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ 14 اگست کا دن پاکستان کے لئے نہایت اہم اور تاریخی دن ہے کہ آف شور پٹرول ویسل کی سٹیل کٹنگ کی تقریب نے قوم کی خوشیوں کو مزید دوبالا کر دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ میں شمولیت کے بعد یہ دونو ں آف شور پٹرول ویسلز پاک بحریہ کی جانب سے خود مختارانہ ریجنل میری ٹائم سکیورٹی پٹرولز کے حالیہ اقدام میں مزید مضبوطی کا باعث ہوں گے جس کا مقصد بحر ہند میںقومی اور بین الاقوامی جہاز رانی کو میری ٹائم دہشت گردی، بحری قزاقی، منشیات، اسلحہ اور انسانی سمگلنگ جیسے خطرات سے محفوظ بنانا ہے۔

ای پیپر دی نیشن