لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماءو نامزد امیدوار وزیراعلیٰ پنجاب میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ دھاندلی زدہ الیکشن کے نتائج کو مسلم لیگ ن اور دیگر جماعتوں نے مسترد کردیا ہے۔ پنجاب اسمبلی کا یہ پہلا اجلاس ہے تاہم مسلم لیگ ن پنجاب اسمبلی کے ایوان کے اندر اور باہر آواز اٹھائے گی۔ وہ گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نوازشریف کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ احتساب عدالت کا ناانصافی کا فیصلہ آنے پر میاں نوازشریف برطانیہ سے واپس آئے اور جیل گئے۔ انہوں نے کہا قبل از الیکشن دھاندلی کے مناظر بھی قوم کے سامنے ہیں اور الیکشن کے بعد ایک نااہل شخص پیسے لے کر جہازوں میں گھومتا رہا یہ سب کچھ بھی قوم نے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا حسن ہے کہ انتخابات ہوتے ہیں ہمیں اپوزیشن کا کردار ملا تو جواں مردی سے کریں گے۔ ہم نے نے مشرف کی دس سالہ سختیاں بھی جھیلی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ عزت کرسیوں اور عہدوں سے نہیں ملتیں بلکہ کام سے ملتی ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن نے اپنے دور حکومت میں کام کیا ہے جسے لوگ یاد کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں وہ لفظ استعمال نہیں کرسکتا جو عمران خان نے ق لیگ کیلئے استعمال کیا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لوگ آج کہتے ہیں کہ ووٹ مسلم لیگ ن کو پڑا اور جیت کوئی اور گیا۔ علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے نامزد پارلیمانی لیڈر حمزہ شہباز کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں پنجاب اسمبلی کے سپیکر و ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کیلئے حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ صوبے میں کسی کیلئے میدان کھلا نہیں چھوڑیں گے اپنی عددی صورتحال کے مطابق ہماری تیاری مکمل ہے اور انشاءاللہ کامیابی مسلم لیگ ن کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام تر خدشات ا ور تحفظات کے باوجود مسلم لیگ ن نے جمہوری عمل میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے ہم جمہوریت کی گاڑی کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے لیکن اس کے ساتھ ساتھ انتخابات میں ہونے والی ملک گیر دھاندلی کے خلاف آواز بلند کرتے رہیں گے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ انتہائی منظم انداز میں پولنگ ختم ہونے کے بعد نتائج کی تیاری میں کی جانے والی گڑ بڑ سے ملک بھر کے عوام آگاہ ہیں اور پارٹی صدر میاں محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے بھرپور احتجاج کیا ہے۔حمزہ شہباز حلف برداری کے سلسلہ میں ایوان میں پہنچے تو مسلم لیگ ن کی خواتین نے دیکھو دیکھو کون آیا شیر آیا شیر آیا، حمزہ حمزہ کے نعرے لگائے۔ حمزہ شہباز نے خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر کئی ارکان سے مصافحہ کیا اور ایوان کے اندر اپوزیشن لیڈر کیلئے مخصوص نشست پر بیٹھے۔
حمزہ شہباز