اسلام آباد (چوہدری شاہد اجمل)اسلام آباد کی احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت کے موقع پرمیں نوازشریف کو بکتر بند کے بجائے لینڈ کروزر میں اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت منتقل کیا گیا،سیکیورٹی اہلکاروں نے مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کو جھانسہ دیکر میاں نواز شریف کو سامنے کے گیٹ سے کالے رنگ کی لینڈ کروزر میں جو ڈیشل کمپلیکس میں داخل کرا لیا،مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ جو ڈیشل کمپلیکس کے عقبی گیٹ پر جمع تھی کیو نکہ میاں نواز شریف کو گزشتہ پیشی پر اسی گیٹ سے جوڈیشل کمپلیکس میں لے جایا گیا تھا ،اس دوران سیکیورٹی حصار میں بکتر بند گاڑی عقبی دروازے کی طرف بڑھی تو کارکنوں نے بکتر بند گاڑی کو گھیرے میں لے کر نعرے بازی شروع کر دی ،ایک کارکن بکتر بند گاڑی کی چھت پر چڑھ کر نعرے بازی کرنے لگا ،کارکن یہ سمجھتے ہوئے کہ میاں نواز شریف بکتر بند گاڑی میں موجود ہیں،گاڑی کو روک کر کافی دیر تک نعرے بازی کرتے رہے۔شہباز شریف کی گاڑی ناکہ پر روک لی گئی تھی جس وجہ سے پیدل احتساب عدالت کی طرف گئے ،تاہم بعد ازاں ان کی گاڑی کو بھی ناکے سے آگے جانے کی اجازت مل گئی اورگاڑی احتساب عدالت کی طرف چلی گئی۔ شہبازشریف نے احتساب عدالت کے اندر جانے کی کوشش کی تو پولیس اہلکاروں نے انہیں روک لیا اس پر ن لیگ کے کارکنوں اور پولیس میں جھڑپ ہو گئی،ن لیگ کے کارکنان احتساب عدالت کی طرف جانا چاہتے تھے لیکن پولیس نے انہیں خاردار تار لگا کر روک لیا جس پر پولیس اہلکاروں اور کارکنوں میں دھکم پیل بھی ہوئی ایک دوسر کو دھکے دینے کا سلسلہ شروع ہوا ہی تھا کہ شہباز شریف نے کارکنوں کو کنٹرول کرتے ہوئے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں نے میاں تیرے جانثاربے شماربے شمار،لیفٹ رائٹ ضابطے ہم نہیں مانتے،ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے،ڈنڈے سوٹے کے ضابطے ہم نہیں مانتے،ووٹ کو عزت دو،جیسے بھی حالات رہیں گے میاں تیرے ساتھ رہیں گے،یااللہ یارسول نواز شریف بے قصور،جب تک سورج چاند رہے گا میاں تیرا نام رہے گا،ہے قائد ہمارا نواز شریف،میاں تیرا ایک اشارہ حاضر حاضر لہو ہمارا،نواز شریف کو رہا کرو،جھوٹے مقدمے ختم کرو،شرم کرو، حیا کرو نواز شریف کو رہا کرو،عدالتی فیصلہ نامنظورکے نعرے لگائے،سابق وزیر اطلاعات ونشریات مریم ارنگزیب خود نعرے لگواتی رہیں۔
کارکن جھانسہ
اسلام آباد(صباح نیوز) تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے مسلم لیگ (ن) کا یہی رویہ رہا تو نوازشریف کے جیل ٹرائل کے فیصلے پر نظرثانی کی جاسکتی ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی نے نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ سینکڑوں لوگوں کو عدالت بھجوادیں، جو عدالت اٹینڈ کرنا چاہتے ہیں ان کی فہرست دی جانی چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)اور پیپلزپارٹی کا اتحاد غیر فطری ہے، وہ نہیں چل سکتا۔
فواد چودھری