لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) انڈونیشیا میں متعین پاکستانی سفیر عبدالسالک خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات ہیں اور یہاں پاکستانیوں کو نہایت عزّت اور قدر کی نگا ہ سے دیکھا جاتا ہے۔ کھیلوں کے ذریعے دونوں ممالک کی عوام کو مزید قریب لایا جاسکتا ہے۔ ایشین گیمز پاکستانی کھلاڑیوں کواپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین فورم ہے۔ ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے جکارتہ میں 18ویں ایشین گیمز کیلئے تیار کئے گئے اتھلیٹ ولیج کے دورے کے موقع پر پاکستانی دستے کے آفیشلز اور کھلاڑیوں سے ملاقات کے موقع پرکیا اس موقع پر پاکستانی سفیر کی اہلیہ فوزیہ سالک، ڈپٹی ہیڈ آف مشن سجاد حیدر خان، سیکنڈ سیکرٹری حامدکریم اور تھرڈ سیکرٹری جمال ناصر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اتھلیٹ ولیج آمد کے موقع پر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل محمد خالد محمود نے پاکستانی سفیر کا استقبال کیا ۔ پی او اے کے سیکرٹری جنرل محمد خالد محمود نے پاکستانی سفیر عبدالسالک خان کی اتھلیٹ ولیج آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن جنرل عارف حسن کی رہنمائی میں ملک میں کھیلوں کے فروغ اور ترقی کیلئے ہرممکن اقدامات کررہی ہے۔ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کے مواقع فراہم کئے جائیں۔