برسلز(صباح نیوز)چیئرمین کشمیرکونسل ای یو علی رضا سید نے کشمیر پر سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سلامتی کونسل فوری طور پر کشمیریوں پر مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔یہ بات کشمیرکونسل یورپ(ای یو) کے چیئرمین علی رضاسید نے کشمیر کی سنگین صورتحال پر جمعہ کو سلامتی کونسل کے بلائے ہنگامی اجلاس کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہی۔انھوں نے کہاکہ کشمیری عوام یہ اجلاس بلوانے پر پاکستان کے شکرگزار ہیں۔بھارت نے غیرقانونی طور پر سات دہائیوں سے کشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضہ کیا ہوا ہے اور اب اس نے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے گذشتہ دس دنوں سے مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو یرغمال بنا لیا ہے۔ لوگوں کا عرصہ حیات تنگ کردیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ بھارت ہرقسم کے ہتھکنڈے استعمال کرکے کشمیری عوام پر اپنی فوج کے تشدد اور وحشیانہ مظالم پر پردہ ڈالناچاہتا ہے لیکن ظلم کے خلاف آواز آج پوری دنیا میں پہنچ چکی ہے۔علی رضا سید نے کہاکہ سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو روکنے کے لیے وہاں اقوام متحدہ کی امن فوج تعینات کرے اور کشمیریوں پر مظالم میں ملوث بھارتی فوجیوں پر جنگی جرائم کی عالمی عدالت میں مقدمے قائم کئے جائیں۔علی رضا سید نے واضح کیا کہ جنوبی ایشیا کے امن و ترقی کے لیے مسئلہ کشمیرکا منصفانہ حل ضروری ہے اور عالمی برادری کو اس مسئلے کے حل کے لیے اپنا اہم کردار ضرور ادا کرنا چاہیے۔