مودی سب سے بڑا شیطان‘ قوم کنکریاں مارے گی‘ چپے چپے پر نفرت کا اظہار کیا گیا: فردوس عاشق

پشاور، اسلام آباد (نیٹ نیوز‘وقائع نگارخصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کونے کونے، چپے چپے میں مودی کے خلاف نفرت کا اظہار کیا گیا۔ پریس کلب پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم سیاہ منایا گیا۔ جلسے، جلوس اور ریلیوں کے ذریعے تمام سٹیک ہولڈرز نے بھارتی سرکار، قیادت، میڈیا، سماج، افواج اور ان کے تمام قومی سلامتی کے اداروں کی شدید مذمت کی۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعظم نے یہ ثابت کردیا کہ کشمیر کی آزادی کے بغیر پاکستان کی آزادی کی خوشیاں ادھوری ہیں، ہمیں کشمیر کے اس نامکمل ایجنڈے کو مکمل کرنا ہے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے مطابق کشمیر کو پاکستان کے ساتھ جوڑنا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قائد اعظم نے برصغیر میں دو قومی نظریہ کی بنیاد رکھی کیونکہ وہاں دو نظریات کا ٹکراؤ چل رہا تھا۔ یہ دو قومی نظریئے کی جیت ہے کیونکہ جس طرح بھارت نے سیکولر ریاست ہونے کا دعویٰ کیا تھا لیکن آج اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک ہورہا ہے اس کی وجہ سے جو مسلمان یا اقلیتیں اس وقت اکھنڈ بھارت کے نعرے کی حمایت کرتے تھے وہ شرمندہ اور مایوس ہیں۔ آج وہ سمجھ گئے ہیں کہ بھارت ہندو مت، ہندو برتری اور آر ایس ایس کی نظریاتی غنڈہ گردی کے علاوہ کسی شخص یا اقلیت کے لیے بھارت میں ایک انچ جگہ باقی نہیں رہی۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بھارت میں سب سے زیادہ استحصال کشمیریوں کا ہورہا ہے جس کے خلاف یوم سیاہ منایا گیا۔ یوم آزادی کے موقع پر مودی کی تقریر سب کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے اور خطے میں موجود ممالک کے سامنے مودی نے اپنے عزائم کی نشاندہی کی ہے، وہ خطے میں سپرمین کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ مسلمان ہونے کے ناطے ہم جس شخص کو شیطان سمجھتے ہیں اسے کنکریاں مار کر تسکین محسوس کرتے ہیں ہمارے مذہبی فریضے میں شیطان کو کنکریاں مارنا باعث ثواب ہے تو دنیا کے سب سے بڑے شیطان مودی کو یہ قوم کنکریاں مار کر اینٹ کا جواب پتھر سے دے گی تو اسے دنیا میں کہیں جگہ نہیں ملے گی۔ معاون خصوصی نے کہا دنیا میں فلسطین ایک مظلوم خطہ رہا لیکن وہاں بھی 11 11 دن لوگوں کو بھوکا پیاسا نہیں رکھا گیا، آج بارہواں دن ہوگیا مودی نے ان مظلوم مسلمانوں کو نمازِ عید ادا کرنے دی نہ قربانی جیسے دینی فرض سے سرخرو ہونے دیا گیا۔ بھارت کی سیاہ کاری اور مکروہ عمل کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان نے بھارت کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کی شکل میں منا کر اس کی بربادی کی بنیاد رکھی ہے۔ انتہا پسند ہندوؤں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں کہ پاکستان کشمیری عوام کے لیے آخری حد تک جانے کو تیار ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میںکہا کہ پانچ دہائیوں بعد سلامتی کونسل کا تنازعہ کشمیر پر اجلاس بلانا ہماری سفارتی فتح ہے، روس نے بھی پاکستان کے مطالبے کی تائید کی، مہذب دنیا مودی کے غیر قانونی اور یکفرطہ اقدام کا نوٹس لے رہی ہے۔ اپنے ایک اور ٹوئٹ میں انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر پر سلامتی کونسل کا اجلاس بھارت کے اس دعوے پر کاری ضرب ہے کہ کشمیر ان کا اندرونی معاملہ ہے۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ہر فورم پر مظلوم کشمیریوں کی وکالت کریگا تاکہ بھارت کو مجبور کیا جا سکے کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیا جا سکے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی نے دورہ پشاور کے دوران خیبر پی کے کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی سے ملاقات میں ان کی والدہ کے ایصال ثواب کیلئے دعا کی۔

ای پیپر دی نیشن