مقبوضہ کشمیر میں حریت رہنماوں نے وادی کشمیر جموں اور کارگل کی سول سوسائٹی سمیت وکلا ،صحافیوں ،تاجروں اور ٹرانسپورٹروں سے سڑکوں پر نکلنے اور اپنے حق خودارادیت کےلئے آواز اٹھانے کی اپیل کی ہے۔
سری نگر سے جاری کئے گئے ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے عوام پر زور دیا کہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بھارت کے مذموم عزائم کےخلاف احتجاج کریں۔
حریت فورمز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری ہندو بنیاد پرستوں کو اپنے علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دیں گے۔
حریت فورم نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کرفیو اور پابندیوں کو خاطر میں نہ لائیں۔
انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کشمیریوں کی سرزمین ہے اور اس کے مستقبل کا فیصلہ انہوں نے کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری ہندووں کے مظالم سے اپنی ماوں،بہنوں اور بیٹیوں کو بچانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ بلا تاخیر مداخلت کرے اور کشمیریوں کو بچانے کےلئے آگے آئے۔