صدرعارف علوی نے تمام ہائی کمشنروں اور سفیروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے میزبان ملکوں میں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کریں۔ وہ آج اسلام آباد میں ملائیشیا کےلئے نامزد ہائی کمشنر آمنہ بلوچ سے گفتگو کررہے تھے۔ صدر نےاس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر کبھی بھی خاموش نہیں رہے گا اور ہمیشہ کشمیری بھائیوں کے شانہ بشانہ رہے گا۔
صدر نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے، انہوں نے نامزد ہائی کمشنر پر زور دیا کہ وہ باہمی تعلقات مزیدمستحکم بنانے کےلئے کوششیں کریں۔
انہوں نے کہا کہ تیار مصنوعات پر خصوصی توجہ مرکوز کرتے ہوئے پاکستان کی برآمدات بڑھانے کےلئے کوششیں کی جائیں۔
انہوں نے نامزد ہائی کمشنر کوہدایت کی کہ وہ پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں کو اجاگرکریں اور ملائیشیا کے سرمایہ کاروں سے کہیں کہ وہ اس مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔