نجی پاورکمپنیوں سے حکومتی معاہدہ بڑی کامیابی ہے:عبدالعلیم خان

لاہور (نیوز رپورٹر)سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے نجی پاور کمپنیوں سے سستی بجلی کے نئے معاہدوں کو بڑا بریک تھرو اور موجودہ حکومت کی اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی کے حکمرانوں نے ذاتی مفادات اور اپنوں کو نوازنے کے لئے من پسند معاہدے کیے۔ انہوں نے کہا کہ نواز لیگ اور پیپلز پارٹی دونوں نے عوامی مفادات کو پس پشت ڈالا اور اپنی تجوریاں بھریں۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ سستی بجلی عام آدمی کا بنیادی حق ہے اور حکومت کے اس اقدام سے نہ صرف شہریوں کو سہولت حاصل ہوگی بلکہ معیشت کا پہیہ بھی چلے گا اور صنعتی ترقی میں تیزی آئے گی۔ اپنی گفتگو میں سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاور کمپنیوں سے نئے معاہدوں کی نوید خوش آئند ہے،وزیر اعظم عمران خان دو برس میں گزشتہ30برسوں کی خرابیاں دور کر رہے ہیں اور ایک مرتبہ پھر سابقہ حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کھل کر سامنے آ گئی ہے کہ کیسے انہوں نے ایک دوسرے کے غلط کاموں کو تحفظ دیا اور ملکی خزانے کا بے دریغ استعمال کیا۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ2برسوں سے بجلی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے بالخصوص موسم گرما میں جب بجلی کھپت زیادہ ہوتی ہے لیکن لوڈ شیڈنگ نہ ہونے کے برابر ہے۔

ای پیپر دی نیشن