حکومت نے منافع خور پاورکمپنیوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا

Aug 16, 2020

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ حکومت نے پرائیویٹ پاور کمپنیوں کی گوشمالی شروع کر دی ہے جس سے حکومتی اخراجات، بجٹ خسارہ، گردشی قرضہ اور بجلی کی قیمت کم ہوجائے گی جس سے عوام کو ریلیف ملے گا جبکہ پیداوار  روزگارمحاصل اوربرامدات بھی بڑھیں گی۔سابقہ حکومتوں نے بجلی کی طلب پوری کرنے کے بہانے نجی شعبہ سے ایسے معاہدے کئے جن سے انھیں اربوں روپے کا فائدہ ہوا جبکہ ملکی معیشت کمزور ہو گئی مگر اب صورتحال بدل رہی ہے جس کا کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے۔2002 کی پاور پالیسی کے تحت بننے والی متعدد آئی پی پیز اور چوبیس ونڈ پاور پراجیکٹس نے مختلف اکائونٹس کے تحت حکومت سے وصول کی جانے والی رقم میں کمی پر آمادگی ظاہر کر دی ہے جس کے بعد دیگر آئی پی پیز کی جانب سے بھی ایسا ہی کرنے کا قوی امکان موجود ہے۔گزشتہ سال مختلف آئی پی پیز سال میں نو مہینے بند رہیں مگر حکومت نے متنازعہ معاہدوں کی وجہ سے انھیں 775 ارب روپے ادا کئے جس میں اب چالیس ارب روپے تک کی کمی آئی گی اوروقت کے ساتھ بچت بڑھتی جائے گی۔نجی شعبہ میں بجلی بنانے والی کمپنیاں ملی بھگت کر کے سرمایہ کاری کا حجم اور مشینری کی قیمت بہت زیادہ بتاتی ہیں ۔

مزیدخبریں