اسلام آباد(خصوصی نمائندہ )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عبا س جعفری نے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین ہونے والے امن معاہدے کو امت مسلمہ کے عالمی مفادات پر کاری ضرب قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا اس معاہدہ کے ذریعے خلیجی ریاستوں کے مسلمان حکمرانوں نے صیہونیت کے سہولت کاروں کا کردار ادا کیا ہے۔عرب کے خائن حکمرانوں نے امت مسلمہ پر یہود و نصاری کے مفادات کو ہمیشہ ترجیح دی۔آج دنیا بھرمیں مسلمانوں کے زوال کا اصل سبب وہ اسلامی حکومتیں ہیں جو اپنے اقتدار کی بقا اور طوالت کے لیے عالمی استکباری قوتوں کے قدموں میں بیٹھی ہوئی ہیں. اس امن معاہدے کی رو سے اسرائیل کی غاصب ریاست کے ناپاک وجود کو تسلیم کر لیا گیا ہے۔جن عناصر نے اسلام کا لبادہ اوڑھ کر صیہونیت کے استحکام کا بیڑا اٹھا رکھا ہے تاریخ انہیں ہمیشہ "عالم اسلام کے خائن حکمران "کے عنوان سے یاد رکھے گی۔اسرائیل، امریکہ اور بھارت کی اسلام دشمنی کسی سے بھی پوشیدہ نہیں۔یہ اسلام دشمن قوتیں مسلم امہ کو نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں۔