مارچ میں حکومت کی بساط لپیٹنے کا وعدہ کیا گیا تھا: فضل الرحمن

 پشاور (نوائے وقت رپورٹ) فضل الرحمن نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے بادشاہ برائے نام ہیں اور اس ریاست کی اصل ملکیت امریکا کے پاس ہے۔ فضل الرحمن نے باچاخان مرکز پشاور میں اور اے این پی کے مرکزی جنرل سیکرٹری میاں افتخارحسین سے ان کے بھائی میاں سریرحسین کے انتقال پرتعزیت اورفاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں میڈیا سے بات چیت میں  فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں سے اے پی سی یا حکومت مخالف تحریک پر اختلافات نہیں لیکن بعض امور پر اختلاف ہے۔ایک طرف تو ہم اسے ناجائز حکومت کہتے ہیں اور نئے الیکشن کا مطالبہ بھی کرتے ہیں دوسری طرف بڑی اپوزیشن پارٹیاں حسب ضرورت حکومت کو ووٹ دیتی ہیں، یہ تضاد ہے اور اس روش کو ترک کرنا چاہیے، قول و فعل میں تضاد سے ہم عوام کا اعتماد نہیں جیت سکتے، ہمارے رابطے جاری ہیں، لیکن اس تذبذب سے نکلنا ہوگا اور یکسو ہونا ہوگا، تاکہ عوام اپوزیشن کی تحریک پر اعتماد کریں۔ایف اے ٹی ایف سے متعلق پارلیمنٹ میں حالیہ قانون سے متعلق فضل الرحمان  نے کہا کہ ایک طرف ہم یوم آزادی منارہے ہیں دوسری طرف ایسی قانون سازی کررہے ہیں جو آزادی کی نفی ہے، آج اگر اقوام متحدہ کی کوئی قرارداد آئے جو پاکستان کے قانون کے خلاف ہو تو ہماری آزادی تو ختم ہوگئی۔ اگر اقوام متحدہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کے خلاف قرارداد لائے تو پھر پاکستان کیا کرے گا،عالمی قوتیں ایف اے ٹی ایف کے ایجنڈے پر عمل کرنے کے لیے اس حکومت کو لائی ہیں، ہمارا بڑی جماعتوں سے شکوہ ہے کہ انہیں اس کی سہولت کاری کا کردار ادا نہیں کرنا چاہیے۔ امارات اور اسرائیل معاہدہ فلسطینیوں کی 70 سالہ جدوجہد آزادی کی نفی ہے، دنیا میں کشمیر اور فلسطین کی جدوجہد آزادی کی قدر و قیمت نہیں، کمزور ممالک کی گردن مروڑ کر اسرائیل کو تسلیم کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے، اسلام آباد میں دھرنے سے متعلق سوال کے جواب میں فضل الرحمان نے جواب دیا ۔ مارچ میں حکومت کی بساط لپیٹنے کہا گیا تھا۔ مارچ تو گزر گیا اب ملین مارچ ہی رہ گیا ہے۔ ختم نبوت کا مسئلہ تنہا پرواز نہیں بلکہ اس میں اے این پی ہمارے ساتھ ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن