انقرہ میں پاکستانی سفارتخانہ میں تقریب،ترک شخصیات کو قومی اعزازات دیئے گئے

اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان میں یوم آزادی کے موقع پر ترکی اور پاکستان کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرنیوالی شخصیات کو قومی اعزازات دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں پاکستانی سفارتخانہ میں منعقدہ ایک تقریب میں پاکستان کے سفیر نے صدر پاکستان کی طرف سے ترک شخصیات کو پاکستان کے قومی اعزازات دیئے۔ پاکستان نے ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی میں پاک ترک فرینڈشپ گروپ کے سربراہ علی شاہین کو ستارہ پاکستان کا اعزاز دیا جبکہ مہمت ماہیتا کو بھی ستارہ امتیاز دیا گیا۔ مہمت ترکی کی پارلیمنٹ میں ماحولیات کمیشن کے سربراہ ہیں۔ پاکستان کی طرف سے ترک ڈاکٹر سلیمی کو ستارہ امتیاز دیا گیا، ڈاکٹر سلیمی ترکی کی وزارت صحت میں امور خارجہ ڈویژن کے سربراہ ہیں۔ پاکستان کی طرف سے قومی اعزازات ایک تقریب میں دیئے گئے جس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر سائرس سجاد قاضی نے اعزازات حاصل کرنیوالی شخصیات کو مبارکباد دی اور پاکستان و ترکی کے تعلقات کو مضبوط بنانے اور دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں اعزازات حاصل کرنیوالی شخصیات کے کردار کو سراہا۔ 
 

ای پیپر دی نیشن