لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بغیر پروٹوکول لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ انہوں نے شہرکے بعض علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ایم ڈی کی سرزنش اور کارکردگی پر ناراضی کا اظہارکیا۔ عثمان بزدار نے مال روڈ، جیل روڈ،گلبرگ،کینال روڈ، سرکلر روڈ، بھاٹی چوک، فیروزپور روڈ، گارڈن ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں صفائی کے انتظامات اور شہری سہولتوں کا جائزہ لیا اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام کو شہر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کا حکم دیاہے او رکہاہے کہ سڑکوں کے گرد کوڑا کرکٹ کو فوری طور پر اٹھایا جائے۔ صفائی کے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ ایم ڈی لاہور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اپنی نگرانی میں کوڑا کرکٹ اٹھا کر رپورٹ وزیر اعلیٰ کوپیش کریں۔ وزیراعلیٰ نے شہر میں خصوصی صفائی مہم شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا کہ آئندہ صفائی کے حوالے سے شکایت سامنے آئی تو غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی ہو گی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام بھارت کے یوم آزادی پرسراپا احتجاج ہیں۔ پاکستان کا بچہ بچہ مظلوم کشمیریوں کے ساتھ ہے- پاکستان اور کشمیر نہ ٹوٹنے والے بندھن میں بندھے ہیں۔ پاکستان اور پاکستانی قوم پوری قوت کے ساتھ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ دنیا میں سب سے بڑی نام نہاد جمہوریت کے دعویدار بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جمہوری اقدار کا خون کیا۔ مودی سرکارنے اپنے لئے تباہی اور بربادی کا گڑھا کھودا ہے۔ وزیراعلی نے سمندری کے قریب موٹروے پر ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ عثمان بزدارنے کہاکہ پنجاب کو پولیو فری بناناہمارا مشن ہے- انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لئے اجتماعی کاوشوں کو موثر انداز میں آگے بڑھانے کی ضرورت ہے- متعلقہ محکموں اور اداروں کو باہمی رابطوں کو مضبوط بنا کر رزلٹ دینا ہوں گے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ انسداد پولیو کی مہم میں غفلت یا کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔
مودی سرکار نے اپنی تباہی کا گڑھا کھودا ہے: عثمان بزدار
Aug 16, 2020