حیدرآبادپرنٹنگ انڈسٹری نے حیسکو چیف کے دفترپر دھرنے کی دھمکی دیدی

Aug 16, 2020

حیدرآباد(پی پی آئی)حیدرآبادپرنٹنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین مشتاق احمد خان‘ڈپٹی چیئرمین مہرالدین شیخ‘کنوینئر،محمد الطاف حسین شیخ‘ ڈپٹی کنوینئر وجاہت عباس نقوی ودیگر نے کمشنر حیدر آباد‘ڈپٹی کمشنر،اسسٹنٹ کمشنر سٹی‘حیسکو چیف، ایکسین گاڑی کھاتہ سمیت دیگر اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کھوکھرمحلہ رسالہ روڈ پریس مارکیٹ کے 3روز قبل اتارے گئے ٹرانسفارمر سمیت ضلع بھر میں اتارے گئے ٹرانسفارمر کو فوری لگا کر فوری بجلی بحال کی جائے،بصورت دیگر حیدرآبادپرنٹنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن حیسکو چیف کے دفتر کے باہر بجلی کی بحالی تک دھرنا دے گی،انہوں نے کہاکہ کئی ماہ کے کرونا لاک ڈاؤن کے خاتمے کے بعد پریس مارکیٹوں میں حیسکو کی نااہلی انتظامیہ کے باعث اب بھی لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے،اورپرنٹنگ پریس صنعت سے وابستہ ہزاروں خاندان اب بھی شدید معاشی بحران کا شکار ہیں،جبکہ دوسری طرف حیسکو انتظامیہ نے  مختلف مقامات سے ٹرانسفارمر اتار کرمرمت کے نام پر منظم بھتہ خوری کا سلسلہ شروع کررکھا ہے، انہوں نے کمشنر وڈپٹی کمشنر حیدرآباد سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری صورتحال کا نوٹس لیں ورنہ پرنٹنگ پریس صنعت سے وابستہ ہزاروں افراد احتجاج پر مجبور ہونگے،جس کی تمام ذمے داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔

مزیدخبریں