کامیاب ترین بھارتی کپتان مہندرسنگھ دھونی اور سریش رائناریٹائر

کراچی (اسپورٹس ڈیسک) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور آل راؤنڈر سریش رائنا نے ایک ہی روز بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔بھارتی کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب ترین کپتان مہندر سنگھ دھونی نے انسٹاگرام پر جاری ایک ویڈیو میں اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔دوسری جانب بھارتی کرکٹ ٹیم کے آل رانڈر سریش رائنا نے بھی مہندرا سنگھ دھونی کے ریٹائرمنٹ کے چند لمحوں بعد بین الاقوامی کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق 39 سالہ ایم ایس دھونی بھارت کے سب سے کامیاب کپتان مانے جاتے ہیں اور وہ واحد کپتان ہیں جن کی قیادت میں بھارت نے آئی سی سی کی تینوں ٹرافیاں ورلڈ کپ، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اور چیمپیئنز ٹرافی جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ان کی قیادت میں بھارت، آئی سی سی کی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر بھی براجمان ہوا۔انسٹا گرام پر  جاری ویڈیو کے کیپشن میں دھونی نے لکھا ہے کہ 'شکریہ! آپ کے مسلسل پیار اور سپورٹ کا شکریہ۔ 19:29 بجے سے مجھے ریٹائرڈ سمجھا جائے'۔ ویڈیو میں دھونی نے اپنے کیریئر کے اتار چڑھا سے متعلق تصاویر کو یکجا کیا ہے جبکہ پس منظر میں 'میں پل دو پل کا شاعر ہوں' گانا چل رہا ہے۔خیال رہے کہ مہندر سنگھ دھونی کو بھارتی کرکٹ کا کامیاب ترین کپتان کہا جاتا ہے۔ انہوں نے اپنے شاندار کیریئر میں بھارت کو 3 آئی سی سی ٹرافیز دلوائیں جن میں 2007 کا ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، 2011 کا 50 اوور ورلڈ کپ اور 2013 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی شامل ہیں۔دھونی نے آخری انٹرنیشنل میچ ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلا تھا جس میں بھارت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔دھونی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی 2020 کھیل کر ریٹائر ہونا چاہتے تھے تاہم کورونا کی وجہ سے ایونٹ ملتوی کردیا گیا اور ان کا یہ خواب ادھورا رہ گیا۔دھونی نے ٹیسٹ کرکٹ سے دسمبر 2014 میں ریٹائرمنٹ لے لی تھی تاہم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کھیل رہے تھے۔سابق بھارتی کپتان نے 90 ٹیسٹ میچز میں 4876 رنز، 350 ون ڈے انٹرنیشنلز میں 10773 اور 98 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 1617 رنز بنائے۔سریش رائنا نے بھی انسٹاگرام پر دھونی کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ 'آپ کے ساتھ کھیلنا انتہائی خوشگوار تھا اور اب بھی میں نے سچے دل اور فخر کے ساتھ آپ کے ساتھ اس نئے سفر میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے، شکریہ بھارت۔'خیال رہے کہ سریش رائنا نے 18 ٹیسٹ، 226 ایک روزہ اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھارت کی نمائندگی کی ہے۔ وہ گزشتہ کافی عرصے سے بھارتی ٹیم میں کھیلتے ہوئے نظر نہیں آئے تھے۔سریش رائنا، ایم ایس دھونی کی قیادت میں 2011 کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کا بھی حصہ تھے۔

ای پیپر دی نیشن