کرونا وائرس ،ایران کا ایک ہفتے کالاک ڈائون اورسفری پابندیوں کااعلان 

Aug 16, 2021

تہران (این این آئی)ایران میںکرونا کے یومیہ کیسوں کی تعداد میں ایک مرتبہ پھر اضافہ ہوگیا ہے جس ک ے بعدحکومت نے ملک میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے ایک ہفتے کا لاک ڈائون لگادیا ہے اور شاہراہوں پر گاڑیوں میں سفرکرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی حکام نے بتایاکہ کیسوں کی تعدادمیں اضافہ ملک میں کووِڈ19کی پانچویں لہرکا مظہر ہے اور وہ کرونا سے تیزی سے پھیلنے والی نئی شکل ڈیلٹا پر قابو پانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔ایرانی حکومت کے اعلان کے مطابق پیر سے 21 اگست تک ملک بھر میں لاک ڈائون کے تحت تمام غیر ضروری کاروباراوردفاتربند رہیں گے۔اس کے علاوہ اتوار سے 27 اگست تک شاہراہوں پر گاڑیاں چلانے پر بھی پابندی ہوگی اور صرف ضروری اشیا کی حمل ونقل اور مریضوں کو لانے لے جانے کے لیے گاڑیاں چلانے کی اجازت ہوگی۔ایران کی قومی کرونا وائرس ٹاسک کے ترجمان علی رضارئیسی نے سرکاری ٹیلی ویژن کو بتایا کہ خوراک کا سامان اور ضروری اشیا کی حمل ونقل کے لیے استعمال ہونے والے ٹرکوں کے سوا تمام شاہراہیں بند رہیں گی۔ترجمان نے مزید کہا کہ حکام محرم الحرام میں اہل تشیع کو صرف کھلے جگہوں پرواقعہ کربلا کی مناسبت سے تعزیتی اجتماعات اور مذہبی تقاریب منعقد کرنے کی اجازت دیں گے۔

مزیدخبریں