بیروت (انٹرنیشنل ڈیسک) لبنان میں آئل ٹینکر کے دھماکے میں 20 افراد ہلاک اور 80 زخمی ہو گئے ہیں۔ یہ دھماکا ضلع آکرکی ایک شاہراہ پر ہوا۔ لبنانی ریڈ کراس نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ دھماکے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکی۔ واضح رہے کہ لبنان شدید مالی بحران کا شکار ہے اور گزشتہ کئی مہینوں سے اسے ایندھن کی قلت کا سامنا ہے۔ بتایا جا رہا ہے اس وقت 80 سے زائد شہری بری طرح جھلس کر زخمی ہو چکے ہیں جبکہ 20 ہلاک ہیں۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ خیال رہے کہ پورے ملک میں ایندھن کی کمی ہو چکی ہے۔ ہسپتالوں کو بھی اپنے معاملات چلانے کیلئے فیول نہیں مل رہا۔ ڈاکٹرز نے حکومت سے التجا کی ہے کہ وہ ایندھن کی فراہمی یقینی بنائے ورنہ مجبوراً ہسپتالوں کو بند کرنا پڑے گا۔ صورتحال کے پیش نظر آکارا شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔