لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات پر محرم الحرام میں امن و امان کے قیام اور علماء و مشائخ سے رابطے کیلئے رابطہ سینٹر قائم کیے گئے ہیں۔ محرم الحرام میں امن و امان کا قیام علماء و مشائخ کے تعاون سے ہی ممکن ہے۔ خطبائ، ذاکرین، واعظین کو پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل کرنا ہو گا۔ اپنا مسلک چھوڑو نہیں دوسرے کا مسلک چھیڑو نہیں پر عمل کرنا ہو گا۔ یہ بات انہوں نے مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ، ذاکرین اور خطباء سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا نعمان حاشر، سید ضیاء اللہ شاہ بخاری و دیگر بھی موجود تھے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔ کسی بھی جگہ سے ملنے والی شکایات کا فوری حل کر رہے ہیں۔ ملاقات کے بعد ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ عمران خان نے 2009ء میں افغانستان کے حوالہ سے جو کہا تھا اس کو مان لیا جاتا تو خون ریزی نہ ہوتی۔