اسلام آباد (این این آئی)سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کرونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، ملک مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ایک دن بعد ہی پھر 31 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 3 ہزار 711 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 67 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے۔ اس کے مزید 3 ہزار 41 مریض شفایاب ہو گئے، مثبت کیسز کی شرح تقریباً 7 فیصدہو گئی۔پاکستان بھر میں وائرس کے اب تک 24 ہزار 406 مریض انتقال کر چکے ہیں ۔اس موذی وائرس کے کْل مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 98 ہزار 410 ہو چکی ہے۔سندھ میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 10 ہزار 766 ہو چکی ہے، اس سے کْل اموات 6 ہزار 413 ہو گئیں۔پنجاب میں کرونا وائرس کے اب تک 3 لاکھ 71 ہزار 605 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں کْل ہلاکتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 11 ہزار 347 ہو چکی ہیں۔خیبر پی کے میں وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 52 ہزار 197 ہو چکی ہے، جبکہ اس سے یہاں کْل اموات 4 ہزار 654 ہو گئیں۔کرونا وائرس کے بلوچستان میں 31 ہزار 556 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 334 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 29 ہزار 187 مریض رپورٹ ہوئے ہیں، اس کے باعث اب تک یہاں کْل 664 مریض وفات پا چکے ہیں۔گِلگت بلتستان میں 9 ہزار 316 کرونا وائرس کے مریض سامنے آئے ہیں ،اس سے اب تک 163 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔دوسری جانب دنیا بھر میں کرونا کے پھیلائو کا عمل جاری ہے جہاں اب تک 20 کروڑ 75 لاکھ 27 ہزار 890 افراد وباء سے متاثر ہیں جبکہ ہلاکتوں ی تعداد 43 لاکھ 67 ہزار 139 تک پہنچ گئی ہے۔ مرض سے شفایاب ہونے والوں کی تعداد 18 کروڑ 60 لاکھ 25 ہزار 944 ہے۔متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے چینی کرونا ویکسین سائنو فارم لگوانے والے مسافروں کو ملک میں آنیکی اجازت دیدی۔ دستاویزات کے مطابق یو اے ای حکومت کی ویب سائٹ پر سائنوفارم کو پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے، یو اے ای میں داخلے سے قبل مسافروں کو ویب سائٹ پر اپنی تفصیلات دینا ہوں گی، مسافروں کو ویکسین سرٹیفکیٹ کے ساتھ ویکسین کی تفصیل بھی دینا ہوگی۔