استنبول (آئی این پی + این این آئی) ترکی نے بحری جہاز ملجم کلاس پاکستان کے حوالے کر دیا ہے، یہ جہاز جدید ترین سینسرز اور ہتھیاروں سے لیس ہے، پاک بحریہ کی دفاعی اور حربی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا، صدر مملکت عارف علوی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ جدید کارویٹ کی شمولیت سے پاک بحریہ کی دفاعی قوت میں اضافہ ہوگا جبکہ ترک صدر طیب اردگان نے کہا ترکی کے عوام پاکستانیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یہ کارویٹس پاک بحریہ کی دفاعی اور حربی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ کریں گے۔ عارف علوی کی جانب سے استنبول میں خصوصی تقریب تقسیم اعزازات میں دو ترک شہریوں کو ایوارڈز تفویض کئے گئے ۔ صدر عارف علوی نے ڈاکٹر سلامی کلیچ کو پاکستان کیلئے خدمات کے اعتراف میں ستارہ امتیاز سے نوازا۔ ڈاکٹر سلامی نے پاکستان میں 2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا تھا، پاکستان میں 2010 کے سیلاب کے بعد ، ڈاکٹر سلامی نے ڈیرہ مراد جمالی میں ایک فیلڈ ہسپتال کے قیام میں بھی مدد کی۔ پاکستان کے لیے خدمات کے اعتراف میں پروفیسر ڈاکٹر جلال سویدان کو ستارہ قائداعظم کے ایوارڈ سے بھی نوازا، پروفیسر ڈاکٹر جلال سویدان استنبول یونیورسٹی میں شعبہ اردو کے سربراہ ہیں۔ ڈاکٹر جلال علامہ اقبال کی تصانیف ارمغان حجاز ، ضرب کلیم ، بال جبریل ، بانگ درا اور اسلام میں مذہبی فکر کی احیائے نو کا ترک زبان میں ترجمہ کر چکے ہیں۔ 20 کتابوں کے مصنف ہیں۔