کراچی (وقائع نگار) بلدیہ ٹائون میں دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 13افراد کو قائد آباد شیرپائو کالونی میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد سپرد خاک کردیا گیا ، نماز جنازہ و تدفین میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی ، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور علاقے میں سوگ کی فضا قائم رہی ، تفصیلات کے مطابق ہفتہ کی شب بلدیہ ٹائون میں ٹرک پر دھماکے کے نتیجے میں گیارہ افراد جاں بحق ہوگئے تھے جس کے بعد ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب مزید دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے تھے ، تمام تیرہ کی نماز جنازہ اتوار کو قائد آباد شیرپائو کالونی میں قائم اسٹار گرائونڈ میں ادا کی گئی ، اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار تھی اور علاقے میں سوگ کی فضا قائم تھی ، نماز جنازہ جماعت اسلامی کے کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے پڑھائی ، تمام افراد کی قبریں بھی مولا مدد قبرستان میں ایک ساتھ ہی بنائی گئیں ، نماز جنازہ میں عزیز و اقارب ، رشتے دار ، مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، حافظ نعیم الرحمن نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ خوشیوں بھرا گھر اجاڑنے والوں کو سخت ترین سزا دی جائے ، جنازے اٹھنے پر کہرام مچ گیا اور ہر شخص متاثرہ اہل خانہ کو دلاسہ دینے لگا ، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تمام افراد کی میتیں علاقے میں ہی قائم مولا مدد قبرستان لے جائی گئیں جہاں انھیں آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا ، نماز جنازہ و تدفین کے موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ، پولیس و رینجرز کی بھاری نفری اسٹار گرائونڈ اور قبرستان کے اطراف تعینات رہی ۔