کشمیرپریمئیرلیگ،میر پور رائلز دوسرے ایلیمینٹرمیں پہنچ گئے

Aug 16, 2021

لاہور(سپورٹس رپورٹر)میر پور رائلز اوور سیز واریئرز کو شکست دے کر کشمیر پریمیئر لیگ کے دوسرے ایلیمی نیٹر میں پہنچ گئی ۔ میرپور رائلز نے ٹاس جیت کرپہلے بائولنگ کافیصلہ کیا ۔اوورسیز واریئرز کے اِن فارم ناصر نواز 6، نوید ملک 2، خرم منظو15 اورعماد وسیم 2 رنزبناکر 34 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ کامران غلام اور اعظم خان نے کچھ اوورز تک وکٹیں گرنے کا سلسلہ روکا مگر گیارہویں اوور میں 61 کے مجموعی سکور پر اعظم خان 20رنز بنا کر شاداب مجید کا دوسرا شکار بنے۔ اعظم خان کی طرح کامران غلام بھی ایک چھکا لگاتے ہوئے 18رنز کیساتھ پویلین سْدھار گئے ۔ سہیل خان9کو ثمین گل نے آوٹ کیا تو سولہویں اوور میں سکور 108تھا۔ آغا سلمان نے اوورسیز واریئرز کو قابل قدر مجموعے تک پہنچانے کی ٹھان رکھی تھی اور ان کا ساتھ آرومان رئیس نے 16رنز بناکر دیا ۔ وہ اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے ۔آغا سلمان نے59 رنز ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ اوورسیز واریئرز کی ٹیم نے 9وکٹوں کے نقصان پر  160رنز بنائے۔مقامی کشمیری بائولر شاداب مجید نے چار کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔شعیب ملک کی میرپور رائلز میچ میں فیورٹ قرار تھی اور 161 کا ہدف انیسویں اوور میں حاصل کرکے رائلز نے اگلے ناک آئوٹ مقابلے میں جگہ بنا لی۔ مختار احمد نے 12 گیندوں پر تین چوکے لگاتے ہوئے 19 رنز بنائے ۔ شرجیل خان اور محمد اخلاق نے 18گیندوں پر 41رنز جوڑ کر میچ یکطرفہ بنانے کی کوشش کی۔ شرجیل خان نے 17 گیندوں پر 30رنز بنائے۔ آغاسلمان نے شرجیل خان کو پویلین بھیجا تو عماد وسیم نے 14گیندوں پر تین چوکے اور دو چھکے لگانے والے محمد اخلاق 26کو ایل بی ڈبلیو کردیا۔ حسان خان نے ایک چوکا اور ایک چھکا لگاتے ہوئے 20رنز بنائے۔ کپتان شعیب ملک نے 34گیندوں پر  27رنز کی ذمہ دارانہ اور ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ خوشدل شاہ نے صرف 8 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں سمیت 21رنز بنائے۔ میرپور رائلز نے انیسویں اوور کی چوتھی گیند پر چھ وکٹوں پر 162رنز بناکر دوسرے ایلیمینیٹر کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ سہیل خان نے دو کھلاڑیوں کو اآوٹ کیا ۔ نوجوان کشمیری پیسر شاداب مجید کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔کل میرپور رائلز اور راولا کوٹ ہاکس کے مقابلے کی فاتح ٹیم فائنل میں جگہ بنائے گی

مزیدخبریں