ملتان‘ کوٹ ادو (نیوز رپورٹر، خبر نگار خصوصی، خبر نگار) ملتان سمیت شہر وگردونواح میں55 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چلنے سے موسم گرد آلود ہو گیا ۔ تیز ہواؤں اور بارش سے میپکو کا ترسیلی نظام بھی جواب دے گیا۔ شہر سمیت کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز ملتان سمیت گردونواح میں تیز ہوا چلنے اور گرج چمک کے ساتھ ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہوگیا۔ مگر اس کے ساتھ ہی ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کے ملتان ، مظفر گڑھ، ڈیرہ غازیخان، کوٹ ادو، میں کئی فیڈرز ٹرپ کرگئے۔ جن سے کئی علاقوں کو بجلی کی سپلائی متاثر رہی اور علاقے اندھیرے میں ڈوبے رہے اور رات گئے بجلی کی بحالی کا کام مکمل نہ ہوسکا۔ کوٹ ادو ومضافات میں شام کے وقت اچانک گہرے سیاہ بادل امڈ آئے، جس کے بعد ٹھنڈی ھوائیں چلنا شروع ہو گئیں اس کے ساتھ ہی گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش شروع ہوگئی اور آدھا گھنٹہ بعد بارش کی رفتار میں تیزی آ گئی اور موسلا دھار بارش شروع ھو ئی ، ٹھنڈی ھواؤں اور بارش کے باعث گرمی و حبس کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ھوگیا اور گرمی کے ستائے و مرجھائے چہرے موسم کی خوشگواری سے کھل اٹھے جبکہ منچلے نوجوان و بچے سڑکوں پر نکل آئے اور بارش سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔
تیز آندھی‘ بارش‘ میپکو کا ترسیلی نظام متاثر‘ متعدد شہروں میں بجلی بند
Aug 16, 2021