حافظ آباد( نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی+نامہ نگار)ایم این اے چودھری شوکت علی بھٹی اورڈپٹی کمشنر رانا سلیم احمد خاں نے کہاہے کہ کروناا یمر جنسی کے دوران اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والے ڈاکٹرز،نرسز،پیرا میڈیکل ستاف اور دیگر ملازمین قابل فخر ہیںجنہوں نے حقیقی معنوں میں مسیحا ہونے کا عملی ثبوت دیا آج ملک میں اگر کرونا وائرس پر قابو پایا گیا تو وہ ان ڈاکٹرز اور محکمہ صحت کے دیگر ملازمین کی انتھک محنتوں اور کوششوں کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈاکٹرز اور دیگر طبی عملے میں اعزازی شیلڈز اور نقد انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہاکہ کرونا ایمر جنسی کے پہلے دن سے لیکر آج تک ڈاکٹروں اور طبی عملے نے انتہائی جانفشانی اور فرض شناسی سے کام کیا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر رحمت اللہ ثاقب نے کہا کہ ضلع بھر میں ابتک تقریبا تین لاکھ افراد ویکسین لگوا چکے ہیں تاہم محکمہ صحت کی جانب سے تمام سنٹرز کے ساتھ موبائل ٹیمیں بھی فیلڈ میں جا کر ویکسین لگا رہی ہیں عوام کو چاہیے کہ افواہوں پر یقین نہ کریں اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کے لیے کرونا ویکسین ضرور لگوائیں ۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹروںاور دیگر ملازمین میں انعامات تقسیم کیے گئے ۔ڈی پی او رانا معصوم احمد ،ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر ریحان اظہر،ڈسٹرکٹ منیجر پی ایچ ایف ایم سی ڈاکٹر توقیر اکرام ،ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر افضال حسین سندھیلہ بھی تقریب میںموجود تھے۔