ایمرجنسی سروسز اکیڈمی سے خیبر پختونخوا کے 393اور کوہ سلیمان کے 73 ریسکیورز کی ٹریننگ مکمل ،پاسنگ آﺅٹ پریڈ میں وزیراعلیٰ کی شرکت 

Aug 16, 2021 | 19:51

ویب ڈیسک

ایمرجنسی سروسز اکیڈمی،ٹھوکر نیاز بیگ میں خیبر پختونخوا کے 393 اورپہلی مرتبہ ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے کوہ سلیمان کے 73 ریسکیورز تربیت مکمل کر کے پاس آﺅٹ ہوگئے-وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار پاسنگ آﺅٹ تقریب کے مہمان خصوصی تھے- وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ریسکیورز کی پاسنگ آﺅٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ صوبہ خیبر پختونخوا کے 393 اور کوہ سلیمان کے 73 ریسکیورز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں-امید ہے کہ ریسکیورجس طرح پنجاب کے شہروں میں ہنگامی صورتحالی میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، اسی طرح خیبر پختونخو ا ، کوہ سلیمان اوردیگر پسماندہ علاقوں میں بھی بہترین خدمات سرانجام دیں گے -وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں ریسکیوائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب اس خطے کا پہلا صوبہ ہے جہاں ریسکیو ائیر ایمبولینس سروس شروع کی جا رہی ہے- ریسکیوائیر ایمبولینس سروس کے لئے رواںمالی سال میں بجٹ مختص کر دیا گیا ہے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہاکہ ریسکیورز کے لئے پنجاب پولیس کی طرز پر رسک الاﺅنس کی منظوری پر ہمدردانہ غور کیاجائے گا اورریسکیورز کے 2017 ءسے منجمند الائونس کی بحالی پر کام کیا جائے گا-انہوں نے کہاکہ پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ 1122 صوبے کا قابل قدر او رباعث فخر ادارہ ہے اور یہ ادارہ پنجاب میں 96لاکھ سے زائد حادثات یا ایمرجنسی صورتحال میں متاثرین کو ریسکیو کی خدمات پیش کرچکاہے- یہ ایک ریکارڈ بھی ہے اور انسانی خدمت کا ایک اعزاز بھی-وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز اکیڈمی میں نہ صرف پنجاب بلکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد جمو ں وکشمیر ، سندھ اور بلوچستان سے تعلق رکھنے والے 20ہزار سے زائد نوجوان پروفیشنل ریسکیورزٹریننگ حاصل کرچکے ہیں-ہمارے اس ادارے کو اقوام متحدہ سے جنوبی ایشیاءکی پہلی مستندسرچ اینڈ ریسکیور ٹیم ہونے کا ا عزاز بھی حاصل ہے-کورونا کی پہلی لہر سے اب تک ریسکیورز نے فرنٹ لائن سولجرز کا کردار ادا کرتے ہوئے خدمات سرانجام دیں اوراپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے ہزاروں مریضوں کو ہسپتال او رقرنطینہ سنٹرمنتقل کیا- انہوں نے کہاکہ ماضی میں10برس تک اس ادارے کے بورڈ کا اجلاس نہیں ہوا ،ہماری حکومت نے اس ادارے کے بورڈ کے باقاعدہ اجلاس ہوئے اورریسکیورز کی بہتری کے لئے اقدامات کئے -ایمرجنسی سروسز کو مزید منظم کرنے کے لئے قوانین میں ترامیم کر کے ریسکیورز کے لئے سروس سٹرکچر مرتب کیا گیاہے اوراب ریسکیورز ترقی کے مواقع حاصل کرسکیں گے-انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے 86تحصیلوں تک ریسکیو سروسزکا دائرہ کار بڑھایا- ریسکیورز کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے نئی ایمبولینس گاڑیاں فراہم کیں اور موٹربائیکس ایمبولینس سروس کا دائرہ کار27اضلاع تک بڑھادیا گیاہے- حکومت پنجاب ریسکیو1122 کی خدمات کو سراہتی ہے اور ادارے کی بہتری کے لئے اقدامات کررہی ہے- حکومت نے اس ادارے کوہر طرح کے وسائل پہلے بھی مہیاکئے اور آئندہ بھی کرے گی- ہماری حکومت نے ریسکیو1122 کی استعداد کار اور صلاحیت بڑھانے کے لئے اسے الگ ایڈمنسٹریٹو ڈیپارٹمنٹ کا درجہ دیا ہے اور ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 کو سیکرٹری کے اختیارات دیئے گئے ہیں - ریسکیورز کا کام صرف ڈیوٹی نہیں بلکہ یہ انسانیت کی خدمت کے مترادف ہے-

مزیدخبریں