کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔ دوسری طرف کرنسی بازار میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں ڈالر مزید 3 روپے سستا ہو گیا۔ سونے کی فی تولہ قیمت میں بھی 4300 روپے کی بڑی کمی واقع ہوئی ہے۔ پاکستان سٹاک ایکس چینج میں تیزی کا رجحان رہا۔ اختتام پر مارکیٹ 764 پوائنٹس کے اضافے سے 100 انڈیکس 43 ہزار 621 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ دوسری طرف آئی ایم ایف معاہدے کی امیدیں روشن ہونے سے روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں مضبوط ہونے لگا۔ ڈالر بلند ترین قیمت 239.94 سے 213 روپے پر آ گیا۔ انٹر بنک میں ایک ڈالر 213 روپے 98 پیسے کا ہو گیا۔ انٹر بنک میں ڈالر ایک روپے 51 پیسے سستا ہوا۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر تین روپے سستا ہو کر 210 روپے کا ہو گیا۔ حالیہ عرصے میں ڈالر کا بھاؤ 11 فیصد نیچے آیا ہے۔ بین الاقوامی سطح پر ڈالر کے مقابلے میں انڈین روپیہ سات فیصد اور بنگلہ دیشی ٹکا ساڑھے 12 فیصد‘ یورو 17 اور پاکستانی روپیہ 33 فیصد نیچے آئے تھے۔ ڈالر کے مقابلے میں صرف پاکستانی روپے کی قدر بہتر ہوئی ہے۔ اگست میں انٹر بنک میں ڈالر 25 روپے 96 پیسے سستا ہوا ہے۔ رواں سال اپریل سے جولائی کے دوران ڈالر 33 فیصد مہنگا ہوا تھا۔ ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 4300 روپے کم ہو گئی۔ کمی کے بعد ایک تولہ سونا ایک لاکھ 34 ہزار 200 روپے کا ہو گیا۔ دس گرام سونا 3686 روپے کم ہو کر ایک لاکھ 15 ہزار 55 روپے کا ہے۔ عالمی صرافہ مارکیٹ میں سونے کا بھاؤ 27 ڈالر کم ہو کر 1775 ڈالر فی اونس ہو گیا ہے۔