اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) حکومت پاکستان نے پاک فضائیہ کے 07 ائیر آفیسرز کو ائیر وائس مارشل کے عہدے پر ترقی دے دی۔ ترقی پانے والے ایئر آفیسرز میں ایئر وائس مارشل فاروق ضمیر آفریدی، ایئر وائس مارشل اورنگزیب احمد، ایئر وائس مارشل تیمور اقبال، ایئر وائس مارشل حاکم رضا، ایئر وائس مارشل طارق محمود غازی، ایئر وائس مارشل محسن محمود اور ایئر وائس مارشل طاہر محمود شامل ہیں۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ایئر وائس مارشل فاروق ضمیر آفریدی نے دسمبر1992 ء میں پاک فضائیہ کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے فائٹر اور آپریشنل کنورژن یونٹس، فلائنگ ونگ اور ایک آپریشنل ایئر بیس کی کمانڈ کی۔ ائیر وائس مارشل اورنگزیب احمد نے دسمبر 1992 میں پاک فضائیہ کی جی ڈی پی برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران آپ نے فائٹر سکواڈرن اور ایک آپریشنل ائیر بیس کی کمانڈ کی۔ ائیر وائس مارشل تیمور اقبال نے دسمبر1992 ء میں پاک فضائیہ کی جی ڈی پی برانچ میں کمشن حاصل کیا۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے فائٹر سکواڈرن، فلائنگ ونگ اور ایک آپریشنل ائیر بیس کی کمانڈ کی۔ ائیر وائس مارشل حاکم رضا نے دسمبر 1992 ء میں پاک فضائیہ کی جی ڈی پی برانچ میں کمشن حاصل کیا۔ اپنے کیریئر کے دوران آپ نے فائٹر اسکواڈرن اور ایک آپریشنل ائیر بیس کی کمانڈ کی۔ ایئر وائس مارشل طارق محمود غازی نے دسمبر 1992 ء میں پاک فضائیہ کی جی ڈی پی برانچ میں کمشن حاصل کیا۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے فائٹر سکواڈرن، فلائنگ ونگ اور ایک آپریشنل ایئر بیس کی کمانڈ کی۔ ائیر وائس مارشل محسن محمود نے جون1992 ء میں پاک فضائیہ کی انجینئرنگ برانچ میں کمشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران آپ نے انجینئرنگ ونگ کی کمانڈ کی۔ آپ ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں بطور اسسٹنٹ چیف آف دی ائیر سٹاف (ریڈار انجینئرنگ)بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ائیر وائس مارشل طاہر محمود نے اپریل 1992 ء میں پاک فضائیہ کی ائیر ڈیفنس برانچ میں کمشن حاصل کیا۔ اپنے کیرئیر کے دوران انہوں نے چار ائیر ڈیفنس یونٹس کی کمانڈ کی۔ آپ ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں بطور اسسٹنٹ چیف آف دی ائیر سٹاف (ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن) بھی اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
پاک فضائیہ کے 7ائیر آفیسرز کی ائیر وائس مارشل کے عہدے پر ترقی
Aug 16, 2022