کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان کراچی سے ضمنی انتخاب لڑیں گے۔کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 239 کے ضمنی انتخابات کے لیے عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیے گئے ہیں۔پی ٹی آئی رہنما اکرم چیمہ عمران خان کے کورنگ امیدوار ہوں گے۔2018 کے انتخابات میں اکرم چیمہ اس نشست پر کامیاب ہوئے تھے۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس حلقے سے جے یو آئی( ف) کے امیدوار محمد رمضان کے کاغذاتِ نامزدگی بھی منظور کر لیے ہیں۔الیکشن کمیشن کی جانب سے این اے 239 میں آزاد امیدوار محمد طارق اور مشتاق احمد کے کاغذاتِ نامزدگی بھی منظور کر لیے گئے۔واضح رہے کہ عمران خان نے قومی اسمبلی کی 9 نشستوں پر خود ضمنی انتخاب لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادھر کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقے 246 کے ضمنی الیکشن کے لیے پیپلز پارٹی کے رہنما نبیل گبول نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات جمع کرادیئے ہیں،عمران خان کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی آج(منگل) ہوگی۔نبیل گبول نے عمران خان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض کی باقاعدہ درخواست ریٹرننگ آفیسر این اے 246 کے پاس جمع کرائی ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پی ٹی آئی نے امریکی کاروباری شخصیات سے رقوم حاصل کیں، ممنوعہ فنڈنگ کیس کے الیکشن کمیشن کے حالیہ فیصلے میں پی ٹی آئی کے 13 خفیہ اکاونٹس سامنے آئے ہیں۔درخواست میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان واضح کر چکا ہے کہ پی ٹی آئی نے جعلی حلف نامے جمع کرائے۔نبیل گبول نے اپنی درخواست میں یہ بھی کہا کہ عمران خان نے ای سی پی میں جعلی ایف ون فارم جمع کرایا ہے۔