بجلی کے ظالمانہ بلوں پر ہر طبقے کا فرد بلبلا اٹھا ہے:ذکر اللہ مجاہد 


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ بجلی کے ظالمانہ بلوں پر ہر طبقہ کا فرد بلبلا اٹھا ہے جس کی مثال سابقہ جج کو لاکھوں روپوں کا بجلی کا بل بھیجنے پر سابقہ جج صاحب نے عدالت سے رجوع کیا ہے، جب مراعات یافتہ طبقہ بجلی کے ادا نہیں کرسکتا تو ایک مزدور دیہاڑی دار کیسے کرسکتا ہے؟۔ حکمران بجلی کے بلوں میں جگا ٹیکس کے ذریعے عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں جو ہرگز قبول نہیں۔ جماعت اسلامی ان حالات میں ملک کے عام آدمی کو اکیلا نہیں چھوڑے گی اوربجلی کے بلوں میں ناجائز اور ظالمانہ ٹیکسوں کے خلاف 17 اگست کو لیسکو ہیڈ آفس کے باہر بڑا احتجاج کریگی۔ احتجاج میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیسکو ہیڈ آفس کے باہر احتجاج کی تیاریوں کے سلسلے میں لاہور کے ہر سطح کے ذمہ داران و عہدیداران کے (زوم) اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، نائب امراءجماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم، ضیاءالدین انصاری،چوہدری محمود الاحد، حاجی ریاض الحسن ، ڈپٹی سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور مرزا عبدالرشید، عبدالحفیظ اعوان، امراءعلاقہ جماعت اسلامی لاہور عبدالعزیز عابد، سیف الرحمن، ڈاکٹر محمود خان، شعیب یعقوب ، صدر جے آئی یوتھ لاہور عبداللہ ایڈوکیٹ، سیکرٹری جے آئی یوتھ لاہور حمزہ بلال سمیت ضلعی عہداران موجود تھے۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہپاکستان ایک ایسے ملک میں جہاں ستر سے اسّی فیصد آبادی کو پینے کا صاف پانی تک دستیاب نہیں، تین کروڑ بچے غربت کی وجہ سے سکولوں سے باہر ہیں، شرم کا مقام ہے کہ حکمران اپنا پروٹوکول اور مراعات کم کرنے کو تیار نہیں۔ وقت آگیا ہے کہ لوگ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے جماعت اسلامی کے ساتھ کھڑے ہوں اور 17 اگست کو لیسکو ہیڈ آفس کے باہر امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا اس جدوجہد میں ساتھ دیں۔ 

ای پیپر دی نیشن