بہتر مالیاتی انتظام کے باعث سی ڈی اے منافع بخش ادارہ بن چکا،چیئرمین 


اسلام آباد (وقائع نگار)سندھ صوبائی سروسز کی پہلی ایس ایم سی کے شرکاءنے گذشتہ روز کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے سندھ صوبائی سروسز کے ایس ایم سی کے شرکاءکو خوش آمدید کہا،چیئرمین کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے شرکاءکو بتایا گیا کہ کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی شہر کو مزید بہتر بنانے کیلئے کام کررہا ہے،موجودہ انتظامیہ نے جب ذمہ داریاں سنبھالیں تو یہ ادارہ خسارے کا شکار تھا تاہم بہتر مالیاتی انتظام اور اقدامات سے اب سی ڈی اے ایک منافع بخش ادارہ بن چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ماضی کے مقابلے میں بہت کم زمین فروخت کی مگر فی مربع گز زیادہ قیمت پر فروخت کی۔انہوں نے بتایا کہ بہتر مالیاتی انتظام اور محصولات کی بہتر انداز سے وصولی نے ادارے کی مالیاتی پوزیشن مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ادارے کی مضبوط مالیاتی پوزیشن کی وجہ سے شہر کے انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے پر کام کئے جارہے ہیں۔ اسی طرح شہر بھر کے لئے بس سروس بھی متعارف کروائی گئی ہے اور بہت سے عوامی فلاحی منصوبوں پر بھی جلد ہی کام کا آغاز کردیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن