لاہور(کامرس رپورٹر)گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی جشنِ آزادی کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی سر انجام دینے والی شخصیات کو انکی خدمات کے اعتراف میں خصوصی توصیفی ایوارڈز پیش کیے۔ تقریب میں شعبہ تعلیم اور شعبہ طب میں شاندار کارکردگی اور قابل قدر نمایاں اقدامات کرنے پر چیئرمین سپیریئر گروپ، پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمٰن کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا ۔ انھیں تعلیمی میدان میں سپیریئر گروپ آف کالجز، سپیریئر یونیورسٹی، سپرٹ سکولز جبکہ شعبہ صحت میں چوہدری محمد اکرم ٹیچنگ اینڈ ریسرچ ہاسپٹل، سی ایم اے ہاسپٹلز، حیات فارمیسی ، اور ،سی ایم اے لیبز جیسے جدید انسٹیٹیوٹ قائم کرنے پرخصوصی ایوارڈ سے نوازا گیا۔دیگر نامور شخصیات میں ڈاکٹر گوہر اعجاز، چیئرمین اپٹما، سی ای او لیک سٹی(ہلالِ امتیاز)، سماجی رہنما میاں طلعت محمود،انوار احمد صاحب چیئرمین گروپ آف کمپنیز، شفیق بھٹی، ڈاکٹرعبدالباری خان سی ای او، انڈس ہاسپٹل اینڈ ہیلتھ نیٹ ورک، اور دیگر شخصیاتِ گرامی شامل تھیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان کا کہنا تھا کہ محب الوطن بزنس مین نہ صرف پاکستان کی ترقی میں حصہ ڈال رہے ہیں بلکہ فلاحی اقدامات کے ذریعے عوام الناس کی خدمت بھی سرانجام دے رہے ہیں جس کے اعتراف میں خصوصی ایوارڈز پیش کیے گئے۔
گورنر ہائوس میں ڈائمنڈ جوبلی جشنِ آزادی کی خصوصی تقریب
Aug 16, 2022