زرعی شعبہ کا سندھ کی معاشی ترقی میں اہم کردار ہے، تمیزالدین کھیڑو 


کراچی (نیوز رپورٹر)سیکرٹری لائیو سٹاک اینڈ فشریز ڈیپارٹمنٹ سندھ، تمیزالدین کھیرونے کہا ہے کہ دیہی ترقی صوبے کی مجموعی ترقی کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔صوبائی حکومت صوبے کی دیہی آبادی کا معیار زندگی بلند کرنے کے لیے کوشاں ہے اور ایسی تمام کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جو صوبے میں ترقی کا عمل تیز کرنے میں معاون ثابت سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے13چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے 79.5ملین روپے کی میچنگ گرانٹس تقسیم کرنے کے لیے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب کے دوران ضلع حیدر آباد، خیر پور، سجوال، ٹنڈو محمد خان، تھرپارکر اور مٹیاری سے تعلق رکھنے والے کاروباری مالکان میں یہ گرانٹس پائیدار دیہی ترقی کے پروگرام (گراسپ) کے تحت جاری کی گئیں۔اس موقع پر شراکتی اداروں آر ڈی ایف اور ٹی آر ڈی پی کے نمائندے بھی موجود تھے۔یورپی یونین کے مالی تعاون سے گراسپ منصوبے پر عمل درآمد انٹرنیشنل ٹریڈ سینٹر (آئی ٹی سی)، پاکستان پاورٹی ایلیوئشن فنڈ (پی پی اے ایف) اور فوڈ اینڈ ایگریکلچر (ایف اے او) کے اشتراک سے کر رہا ہے۔ یہ گرانٹس پانچ سے پچیس لاکھ روپے پر مشتمل ہیں اور ان کا اجرا زرعی شعبے میں بہترین منصوبے شروع کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ تمیزالدین کھیرونے گراسپ منصوبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے تحت جاری ہونے والی گرانٹس سے سندھ میں نہ صرف زرعی شعبہ ترقی کرے گا بلکہ اس سے دیہی علاقوں میں روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔پی پی اے ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر نادر گل بڑائچ نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مقصد صوبے کے کم ترقی یافتہ علاقوں کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنا ہے۔ گراسپ منصوبہ کی بدولت معاشرے کے غریب ترین طبقات کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم یورپی یونین اور آئی ٹی سی کے مشکور ہیں جن کی معاونت کی بدولت سندھ اور بلوچستان کے معاشی طور پر پسماندہ علاقوں میں زرعی شعبے میں کاروباروں کو ترقی دی جا سکے گی۔
تمیزالدین کھیڑو 

ای پیپر دی نیشن