شہدادپور (نامہ نگار) شہدادپور قوم پرست جسقم کے 5 کارکنان نے پاکستان کے 75 ویں یوم جشن آزادی پر سندھ کی قوم پرست جماعت کو چھوڑ کر قومی دھارا میں شمولیت اختیار کرلی۔ تفصیلات کے مطابق ضلع سانگھڑ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے قوم پرست جماعت جئے سندھ قومی محاذ (جسقم) کے 5 کارکنان وقار علی برمانی ولد علی اکبر ٹنڈوآدم، نبی بخش عرف اویس ولد رسول بخش سہتو شہدادپور، مہتاب علی ڈاہری ولد علی اصغر ڈاہری ٹنڈوآدم، اویناش ولد بھگوان داس شہدادپور، لکھو ہندو، ولد پہنور تعلقہ کھپرو نے ملک دشمن قوم پرست جماعت سے علیحدگی اختیار کرکے قومی دھارے میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا ہے۔ قومی دھارے میں شامل ہونے والے نوجوانوں نے قومی پرچم ہاتھوں میں اٹھا کر پاکستان زندہ باد اور افواج پاکستان زندہ باد کے بلند آواز میں نعرے لگائے اور شہدادپور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جئے سندھ قومی محاذ (جسقم) ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہے، وہ سندھی نوجوانوں کو ایکسا کر انہیں پاکستان کے خلاف نعرے لگانے اور انہیں پاکستان کے خلاف غلط تربیت دی جاتی ہے آج پاکستان کے 75 ویں یوم جشن آزادی پر ہم ضلع سانگھڑ سے تعلق رکھنے والے 5 کارکنان قوم پرست جماعت سے لاتعلقی کا اعلان کرتے ہیں۔ آج سے ہمارا قوم پرست جماعت جسقم سے کسی بھی قسم کا کوئی تعلق نہیں ہو گا۔ ہم اپنے دیگر ساتھیوں کو بھی قومی دھارا میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں آئیں ملکر ملک پاکستان کی خدمت کریں انہوں نے مذید کہا کہ آج سے ہم ملک و قوم سے وفادار رہنے کا عہد کرتے ہیں اور اپنی جانیں تک ملک وقوم کے لیے قربان کرنے کو تیار ہیں اور پاکستان کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی کیلئے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ آج سے ہم پاکستان کے آئین اور منشور کو مانتے ہیں پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاکر کہا کہ پاکستان کی خدمت اور محب وطن ہونے کا ثبوت دیں گے۔ قومی دھارے میں شامل ہونے والے نوجوانوں کو پاکستان زندہ باد مومنٹ (PZM) شہدادپور کے چیئرمین رانا ذیشان ارشاد نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ انہیں پھولوں کے ہار پہناکر قومی دھارے میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا اور تمام نے پاکستان زندہ باد پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔