چوہدری شاہد اجمل
chohdary2005@gmail.com
قیام پاکستان کے75سال مکمل ہو نے پر جہاں ملک بھر میں ڈائمنڈٍ جو بلی کی تقریبات منعقد کی گئیں وہیں ملک کی پہلی دستور ساز اسمبلی کے قیام کے 75سال مکمل ہونے پربھی پارلیمان میںان تقریبات کا 10سے14اگست تک انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد ملکی تعمیر وترقی میں پارلیمان کے کردار ، اراکین پارلیمنٹ کی خدمات، جمہوری اقداراورخصوصاً نوجوان نسل میں پارلیمانی نظام حکومت کے کردار اور افادیت کو اجاگر کرنا تھا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کی ہدایت پاکستان کی پہلی دستور ساز اسمبلی کے 75سال مکمل ہونے پر ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا 10سے 14 اگست تک سلسلہ جاری رہا ۔''میرا پارلیمان-رہبرترقی و کمال'' کے موضوع پر پہلی تقریب رکھی گئی اور 14 اگست تک پارلیمنٹ ہاؤس میں مختلف تقریبات کا انعقاد کاکیا گیا۔ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے دوران 10اگست کو تصویری نمائش '' ترجمان ماضی شان حال' میں اس موضوع پرپارلیمانی تاریخ سے متعلق نامورمصوروں کے فن پارے رکھے گئے۔ اسی طرح دیگر موضوعات پر پارلیمانی تاریخ سے متعلق کتب کی نمائش کے ذریعے پارلیمان اور آئین کی بالادستی کیلئے کاوشوں کو اجاگر کیا گیا۔ علاوہ ازیں پارلیمنٹ ہاؤس میں قائد اعظم محمد علی جناح،پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان سمیت پاکستان کے سابق وزرائے اعظم ،صدور اور غیر ملکی سربراہان مملکت کے پارلیمان سے خطابات اور پارلیمانی تاریخ جس کا موضوع ''ترجمان ماضی شان حال''کو ایس ایم ڈیز (SMDs)پر دیکھایا گیا۔11اگست کو اقلیتوں کے عالمی دن کی مناسبت سے اقلیتی کنونشن منعقد کیا گیا ۔ اس کنونشن میں ملک بھر سے اقلیتی برادری کے قائدین، نمائندوں اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے سابق اراکین پارلیمنٹ کو مدعو کیا گیا تھا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے دستور ساز اسمبلی کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میں قومی اسمبلی ہال میں منعقد ہونے والے اقلیتی کنونشن سے اپنے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ آج 11اگست وہ تاریخی دن ہے جب 75سال پہلے اسی نمائندہ ایوان نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کو پہلی مجلس قانون ساز کا صدر منتخب کیا تھا۔مملکت ِ پاکستان کا آئینی خاکہ پیش کر کے ہر پاکستانی کو بلا تخصیص رنگ، نسل، مذہب، ذات اور زبان ریاست کا برابر کا شہری قرار دیا گیا تھا۔
11اگست کوہی ''مرکز یقین شاد باد ''کے موضوع سے خواتین اراکین پارلیمنٹ کا خصوصی کنونشن بھی منعقد کیا گیا۔ خواتین کے کنونشن میں ایک متفقہ قرارداد کی منظوری دی گئی جس میں تحریک پاکستان میں نمایاں کردار ادا کرنے والی خواتین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ رکن قومی اسمبلی وجہیہ اکرم نے قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ارکان پارلیمنٹ کے گروپ ویمن کاکس اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کا یہ کنونشن قرار دیتا ہے کہ پاکستان کی جدوجہد آزادی میں خواتین کا کردار نمایاں رہا ہے۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا آئین جو قرآن و سنت کو حکمرانی کا بنیادی ماخذ تصور کرتا ہے، خواتین کو مکمل حقوق فراہم کرتا ہے۔یہ ایوان پاکستان کی تمام خواتین رہنمائوں بالخصوص محترمہ فاطمہ جناح، بیگم راعنا لیاقت علی خان اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی عوامی اور سیاسی خدمات پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
ملک کے مستقبل کو روشن و تابناک بنانے میں نوجوانوں/بچو ں کے کردار کو اجاگر کرنے کے لیے 12 اگست کو'' عزم عالی شان ''کے موضوع پر بچوں کاخصوصی کنونشن منعقد کیا گیاجس میں مختلف سرکاری و نجی سکولوں کے بچوں سمیت سٹریٹ چلڈرن اور سویٹ ہوم کے 14سال سے کم عمر بچے شریک ہوئے بچوں نے ا س عزم کا اعادہ کیا کہ اس ملک کا مستقبل نوجوانوں نے سنوارنا ہے، آئین نے بچوں کی بنیادی تعلیم کی ضمانت دی ہے، تمام صوبے بچوں کی تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دیں۔ قومی اسمبلی کی ڈائمنڈجوبلی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔بچوں نے کہا کہ پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت پاکستان نے اقوام متحدہ سے وعدہ کیا ہے کہ وہ 2030 تک اپنے ہر بچے کو لازمی بنیادوں پر معیاری پرائمری تعلیم فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ہماری پاک افواج اور حکومتوں نے مل کر اس ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا۔ چلڈرن کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے ۔کنونشن کے اختتام پر سپیکر نے بہترین کارکردگی دکھانے والے بچوں میں انعامات اور ڈائمنڈ جوبلی یادگاری شیلڈ تقسیم کیں اور بچوں اور کنونشن کے شرکا کے ہمراہ گروپ فوٹو بنوائی۔13اگست کو ایک خصوصی پارلیمانی کنونشن منعقد کیاگیا جو 13اگست کی شام سے لے کر 14اگست کی نصف شب تک جاری رہا۔کنونشن کا موضوع ''سایہ خدائے ذوالجلا ل''تھا اور اس اجلا س میں سابق اسپیکرز ، ڈپٹی اسپیکرز، سابق اور موجودہ اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ کنونشن کے انعقاد کا مقصد جمہوریت کے استحکام اور جمہوری نظام کے تسلسل کی اہمیت اور افادیت کو اجا گر کرنا تھا۔پاکستان کی پا رلیمانی تاریخ کے سرکردہ اراکین پارلیمنٹ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی ۔جس میں پارلیمان میں ہونے والی قانون سازی اور دیگر پارلیمانی امور میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے اراکین پارلیمنٹ کو ڈائمنڈ جوبلی یادگاری میڈل سے نوازا گیااس تقریب میں سابق اور موجودہ اراکین پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ چار روزہ ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے مو قع پر پارلیمنٹ ہاوس کی عمارت اور راہداریوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھاجبکہ 13اور14اگست کی شب پارلیمنٹ ہائوس کی چھت پر آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔اس دوران وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے ہمراہ قومی اسمبلی کی لائبریری کا بھی دورہ کیا۔