دستور ساز اسمبلی کے 75 سال مکمل ہونے ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کا انعقاد

Aug 16, 2022

رانا فرحان اسلم    ranafarhan.reporter@gmail.com

پاکستان کی آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کا جشن اتوار14اگست 2022 کو ملی جوش وخروش اور شایان شان طریقے سے منایاگیا ،دن کا آغاز مساجد اورعبادت گاہوں و گھروں میں ملک و قوم کی سلامتی ، ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائوں کے ساتھ ہو ا، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اکتیس اور تمام صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ قومی ترانے کے احترام میں سائرن بجائے گئے اس دوران ہر قسم کی ٹریفک رک گئی، مزارقائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقاریب منعقد ہوئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی مرکزی تقریب جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد میں ہوئی جس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پرچم کشائی کی اورخطاب کیا اس موقع پر قومی ترانہ بھی پڑھا گیا، تقریب میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی،سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگ زیب، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر انسانی حقوق ریاض حسین پیرزادہ، وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی، وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان، وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، مرتضی جاوید عباسی،خالد مگسی، مشیر برائے سیاسی امور و قومی ادبی ورثہ ڈویڑن انجنئیر امیر مقام، عسکری قیادت، اراکین پارلیمنٹ، غیر ملکی سفارت کاروں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے خطاب کے دوران پاکستانیوں کو جشن آزادی کی مبارک دی اورکہا کہ اس نعمت پر ہم اپنے رب کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں۔انہوں نے اس موقع پر کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کے لئے بھی جلد ازجلد آزادی کی دعا کی۔وزیر اعظم نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعاکی۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کی ولولہ انگیز جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ ہے،مشاہیر پاکستان کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی جدوجہد سے ہمیں آزادی کی نعمت ملی اس مقصد کے لیے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، اس جدوجہد میں مسلمانوں ہی نہیں اقلیتوں نے بھی بھرپور حصہ ڈالا، وزیر اعظم نے پاکستان کی تعمیر وترقی میں تارکین وطن کے کردارکو بھی سراہااور کہا کہ پاکستان دنیا کی ساتویں جوہری طاقت ہے اور اس پروگرام سے وابستہ تمام ادارے اور افراد ہمارے محسن ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہوگا، اس کے لئے قومی مکالمے کی ضرورت ہے جس کے لئے میثاق معیشت ہوسکتا ہے،ہم جوھری قوت بن سکتے ہیں تو معاشی قوت کیوں نہیں بن سکتے،آزادی بڑی قربانیوں سے حاصل ہوئی، اس کا خون کے آخری قطرے تک دفاع کریں گے۔اس موقع پر ملی نغمے بھی پیش کئے گئے،فنکاروں نے علاقائی زبانوں میں لوک گیت پیش کئے۔ پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے عظیم پاکستانی قوم کو یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی پر مبارکباد پیش کی گئی بلوچستان میں یوم آزادی کی سب سے بڑی تقریب کوئٹہ میں صوبائی اسمبلی کے سبزہ زار پر منعقد ہوئی جہاں وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے قومی پرچم لہرا کر تقاریب کا آغاز کیا اس پر صوبائی وزرا مشیر ، پارلیمانی سیکرٹریز اور اراکین اسمبلی سمیت سول و فوجی افسران نے شرکت کی۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ قیصر رشید خان نے یوم آزادی کے موقع پرپشاور ہائی کورٹ میں منعقدہ خصوصی تقریب میں پرچم کشائی کی جس میں پشاور ہائی کورٹ کے معزز جج صاحبان،سابقہ ججز، پشاور کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز،خیبر پختونخوا جوڈیشل اکیڈمی کے ڈین، خیبرپختونخوا بار کونسل کے ایگزیکٹو کے چیئرمین، جوڈیشل کمیشن کے ممبر، ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا کے نمائندے، پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر اور کابینہ اور پشاور بار ایسوسی ایشن کے صدر نے کابینہ ارکان کے ہمراہ شرکت کی۔سندھ  حکومت کے زیر اہتمام یوم آزادی کی تقریبات کا دن بھر سلسلہ جاری رہا۔  قومی نغمے پیش کیے  گئے جبکہ قومی لباس میں ملبوس بچوں نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔ یوم آزادی پاکستان کے موقع پرصدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری اوروزیراعظم سردار تنویر الیاس نے ایوان صدر میں پرچم کشائی کی۔ اس موقع پرسائرن بجائے گئے اور آزادجموں وکشمیر پولیس کی جانب سے سلامی دی گئی جس کے بعد تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزرا حکومت، ممبران اسمبلی، چیف سیکرٹری ،انسپکٹرجنرل پولیس ، سیکرٹریز حکومت ، اعلی فوجی و سول افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔گلگت بلتستان میںیوم آزادی پاکستان کی مرکزی تقریب گلگت چنار باغ میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید تھے، اس تقریب میں قائم مقام گورنر گلگت بلتستان امجد زیدی، ممبران گلگت بلتستان اسمبلی،چیف سیکرٹری گلگت بلتستان محی الدین وانی، انسپکٹر جنرل آف پولیس گلگت بلتستان سعید وزیر، سرکاری اور عسکری اداروں کے سربراہان، سول سوسائٹی کے لوگوں سمت مختلف سکولوں کے طلبا و طالبات کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت کی۔ اس موقع پرچم کشائی کی گئی ، وزیر اعلی گلگت بلتستان اور قائم مقام گورنر گلگت بلتستان نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی ۔
 ملک بھر میں پرچم کشائی کی تقاریب کے علاوہ  شہداء کے مزار پر فاتحہ خوانی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ اتوار کو ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید ہونے والے میجر طلحہ منان شہید کے گھر گئیں اور اہل خانہ سے ان کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ کی۔

مزیدخبریں