گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ہمارے اسلاف نے قربانیاں دے کر نئی نسل کی آزادی اور خوشحالی کیلئے جدوجہد کی جن کی بدولت ہم آزاد فضائوں میں سانس لے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن پنجاب کالجز گوجرانولہ محمد شہزاد رفیق نے پنجاب کالج یونیورسٹی کیمپس کے بی ایس چار سالہ پروگرامز کے طلباء و طالبات سے جشن آزادی کے حوالہ سے منعقدہ ایک پر وقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈین شاہد سلیم خواجہ ، ہیڈ بی ایس پروگرام شمیم اختر ، اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب میں طلباء نے ملی نغمے ،خاکہ اور جدوجہد آزادی پر تقاریر بھی کیں جسے مہمان خصوصی محمد شہزاد رفیق اور دیگر شرکاء نے بے حد سراہا۔ محمد شہزاد رفیق نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں نئی نسل کو مادیت پرستی کی دوڑ پر لگا دیا گیا ہے۔ حالانکہ ہمیں اپنی تمام تر توجہ تعلیم اور خصوصاً اخلاقی اقدار پر دینی چاہیے تاکہ انکی کردار سازی ہو سکے اور نئی نسل اپنی ذات سے نکل کر ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کا سوچے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ملک و قوم کیلئے تعلیم کے میدان میں انتھک محنت کریں۔
ہمارے اسلاف نے نئی نسل کی آزادی کیلئے قربانیاں دیں: شہزاد رفیق
Aug 16, 2022