پی ڈی اے آکشن ریگولیشنزترامیم کیلئے کمیٹی تشکیل مہم کے تحت تین کروڑ 75لاکھ پودے لگائیں گے۔ محمود خان

پشاور(بیورورپورٹ)وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے پیر کے روز مون سون شجرکاری مہم2022 کا باضابطہ اجرا کر دیا ہے مہم کے تحت صوبہ بھر میںتین کروڑ 75 لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے وزیراعلیٰ ہاﺅس کے سبزہ زار میں پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا۔ صوبائی وزراءاشتیاق ارمڑ ، تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور فیصل امین گنڈا پور کے علاوہ سیکرٹری جنگلات و ماحولیات عابد مجید اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ کو مون سون مہم کے تحت شجرکاری سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مہم کے تحت صوبہ بھر میں مجموعی طور پر تین کروڑ 75 لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔ مزید بتایاگیا کہ مہم کے دوران سنٹرل ساوتھ ریجن I بشمول ضم اضلاع میں ایک کروڑ 96 لاکھ پودے لگائے جائیں گے جبکہ ناردرن فارسٹ ریجن II میں 89 لاکھ پودے لگائے جائیں گے ۔ اسی طرح ملاکنڈ فارسٹ ریجن III میں 90 لاکھ سے زائد پودے لگائے جائیں گے ۔یہ پودے محکمہ جنگلات ، سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں ، سرکاری محکموں اور دیگر سرکاری اور نجی اداروں کی مدد سے لگائے جائیں گے ۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ رواں سال موسم بہار شجرکاری مہم کے تحت آٹھ کروڑ سے زائد پودے لگائے گئے ہیں اور ان پودوںکے تحفظ کو بھییقینی بنایا جارہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ا س موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ درخت اور نباتات روئے زمین پر قدرت کا ایک انمول تحفہ ہیں اور ان کا تحفظ اور فروغ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبے میں جنگلات کا تحفظ اور شجرکاری کا فروغ شروع دن سے ہی صوبائی حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل رہا ہے ۔ بڑھتی ہوئی آبادی او ر ماحولیاتی آلودگی سے پیدا ہونے والے مسائل سے نمٹنے کیلئے جنگلات کی اہمیت پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے ۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق ماحولیاتی آلودگی اور موسمی تبدیلیوں سے پید ا ہونے والے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اُٹھانے کا کریڈٹ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو جاتا ہے۔ اس سلسلے میں پی ٹی آئی کی سابق حکومت نے بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کیا تھا جس کے تحت صوبے میں ایک ارب پودے لگانے کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے۔ اُنہوںنے مزید کہاکہ عمران خان کے دور حکومت میں قومی سطح پر ٹین بلین ٹری منصوبہ شروع کیا گیا جس کے تحت خیبرپختونخوا میں مزید ایک ارب پودے لگانے کا ہدف پورا ہونے والا ہے ۔ اُنہوںنے کہاکہ یہ وہ منصوبہ ہے جسے نہ صرف قومی سطح پر سراہا گیا بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی خو ب پذیرائی ملی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ مون سون شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ اس سلسلے میں حکومت کی کوشش کارآمد ثابت ہو ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ شہری علاقوں میں زیادہ سے زیادہ شجرکاری پر خصوصی توجہ دی جائے اور اس مقصد کیلئے محکمہ جنگلات اور شہری ترقیاتی ادارے مل کر لائحہ عمل تیار کریں ۔ دوسری جانب وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت پیر کے روز پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا بورڈ اجلاس منعقد ہوا جس میں نیو پشاور ویلی کے زمین مالکان کو لینڈ شیئرنگ فارمولہ کے تحت Intemation letters رواںہفتے جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی آکشن ریگولیشنز 2021 میں ضروری ترامیم کرنے کیلئے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو اس سلسلے میں حتمی تجاویز بورڈ کی منظوری کیلئے پیش کرے گی ۔ اجلاس میں نیو پشاور ویلی کیلئے لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت نیو پشاور ویلی کے لینڈ ریکارڈ سے متعلق جملہ اُمور کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔ اجلاس میں فوت شدہ ملازمین کوٹہ کے تحت پی ڈی اے کے باقی ماندہ 22 کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی ۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ نیو پشاور ویلی کی رابطہ سڑک کی تعمیر پر پیشرفت کو تیز کیا جائے جبکہ ریگی ماڈل ٹاﺅن کے زون I ، زونII اور زونV کے مسائل حل کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات اُٹھائے جائیں۔ 
 محمود خان 

ای پیپر دی نیشن