اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ تعلیم اور اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کو ترقی یافتہ بنانے کےلئے اپنا کردار ادا کریں، خواتین اور خصوصی افراد کو بااختیار بنانا اور انہیں روزگار کی فراہمی حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے، چھاتی کے سرطان سے خواتین کی اموات کو کم کرنے کےلئے بھرپور آگاہی مہم اور موثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں اقراءیونیورسٹی میں یوم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی کے حوالے سے ” آج کا نوجوان کل کا پاکستان“ کے عنوان سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں طلبائ وطالبات اور فیکلٹی ممبران سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔بیگم ثمینہ عارف علوی نے طلبائ اور طالبات سے کہا کہ وہ اپنی بہترین صلاحیتوں کا استعمال کرکے پاکستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں، خواتین اور خصوصی افراد کو بااختیار بنانا حکومت اور معاشرے کی ذمہ داری ہے۔خاتون اول نے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں پر زور دیا کہ وہ خصوصی افراد کو نظر انداز نہ کریں بلکہ ان کے لئے سہولت پیدا کریں تاکہ وہ معاشرے کے کار آمد شہری بن سکیں۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو نیوٹک کے ذریعے مختلف ہنر سکھائے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنے پاو¿ں پر کھڑے ہوسکیں۔ انہوں نے حکومتی اداروں پر زور دیا کہ وہ روزگار میں خواتین اور خصوصی افراد کا کوٹہ بڑھائیں تاکہ ان کااحساس محرومی ختم ہوسکے۔ دریں اثناءخاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی نے میڈیا اور پاکستان میں کام کرنے والی قومی و بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ خواتین میں چھاتی کے کینسر کی جلد تشخیص کے بارے میں خاص طور پر دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں میں شعور بیدار کرنے کےلئے ٹھوس کوششیں کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ گزشتہ چار سالوں سے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم کی قیادت کر رہی ہیں جس کے نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں، مرض کی تشخیص سے متعلق خدمات حاصل کرنے والی خواتین کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار پیر کو یہاں ایوان صدر میں چھاتی کے سرطان کی روک تھام اور علاج کے لئے پاکستان میں کام کرنے والی قومی اور بین الاقوامی تنظیموں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈبلیو ایچ او، یو این ایف پی اے، اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز، این جی او گرین سٹار، شفا انٹرنیشنل ہسپتال، شوکت خانم ہسپتال، ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ نیٹ ورک (ایچ آر ڈی این)، عورت فاو¿نڈیشن، خیبر میڈیکل کالج اور خیبر ٹیچنگ ہسپتال پشاور ڈوپسی فاو¿نڈیشن، پاکستان گرل گائیڈز ایسوسی ایشن، ورلڈ فوڈ پروگرام اور روچے پاکستان کے نمائندوں نے شرکت کی۔
بیگم ثمینہ عارف علوی
خواتین کو روزگار کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے:بیگم ثمینہ علوی
Aug 16, 2022