نیشنل پارٹی اور بی ایس او پجار کاگوادرمیں مہنگائی کے خلاف مظاہرہ


گوادر (بیورورپورٹ) گوادر میں  مہنگائی، پانی  کے مصنوعی بحران اور دیگر عوامی مسائل کے حل نہ ہونے کے خلاف نیشنل پارٹی اور بی ایس او پجار کے زیر اہتمام جامع بلال مسجد سید ظہورشاہ ہاشمی ایونیو پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مرکزی رہنماء  اشرف حسین، صوبائی فشریز سیکرٹری آدم قادربخش، ضلعی صدر فیض نگوری، سینئر رہنما  ہوت غفور، تحصیل صدر ناگمان عبدل ، سابق تحصیل نائب صدر حفیظ جعفر، بی ایس او پجار کے سی سی ممبر ظریف دشتی نے کہا کہ گوادر شہر میں مہنگائی پر قابو پانے کے لئے کوئی میکنزم موجود نہیں اور نہ ہی بارڈر ٹریڈ سے شہریوں کو ریلیف مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر شہر میں مہنگائی کے طوفان کا یہ عالم ہے کہ یہاں پر جگہ جگہ اشیاء خوردونوش کی چیزیں دوگنا قیمتوں میں فروخت کی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پہلے شہریوں کا انحصار ایرانی اشیاء خوردونوش اور پٹرولیم مصنوعات کے استعمال پر ہوتا تھا لیکن اب یہ بھی شہریوں کی  دسترس سے باہر ہوگئی ہیں ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا   اضافہ کی وجہ سے ماہی گیر شکار کے لئے سمندر میں جانے سے محروم ہیں اور وہ لاکھوں روپے کا مقروض ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر شہر میں پانی کا مصنوعی بحران پیدا ہوگیا ہے، گیس کی لوڈ شیڈنگ ہے اور ایرانی گیس کی بیرون ملک ترسیل کی وجہ سے شہریوں کے لئے کفایتی نرخوں پر ایرانی گیس ملنا محال  ہے۔عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔  نظامت کے فرائض نیشنل پارٹی تحصیل گوادر کے جنرل سیکریٹری ولید مجید نے اداکئے۔

ای پیپر دی نیشن