اوستہ محمد(نامہ نگار)اوستہ محمد و گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا ۔مسلسل بارش کی وجہ سے شہر کی سڑکوں اور گلیوں میں پانی ٹھہر گیاجس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔میونسپل کارپوریشن اوستہ محمد کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے شہر کی گلیوں میں کیچڑ اور پانی ٹھہرا ہوا ہے۔جس کی وجہ سے لوگ اپنے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔اس موقع پر شہریوں نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی بہتر ہوتی تو آج ہمیں یہ دن دیکھنے پڑتے۔حسین آباد محلہ اوستہ محمد مسلسل صفائی نہ ہونے کی وجہ سے کیچڑ اور نالیوں کا گندہ پانی گلیوں میں ٹھہرا ہوا ہے اور نالیاں بند ہونے کی وجہ سے نالیوں کا گندہ پانی گھروں میں داخل ہو رہا ہے۔شہریوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے اپیل کی کہ اس جانب نوٹس لے کر میونسپل کارپوریشن کے چیف آفیسر کیخلاف کارروائی کر کے ان کا فوری تبادلہ کیا جائے۔