کراچی (نیوز رپورٹر) کراچی والے ہوجائیں خبردار! بارش برسانے والا ایک اور سسٹم سندھ میں داخل ہونے والا ہے۔ 17اور 18اگست کو کراچی، حیدر آباد سمیت سندھ اور بلوچستان میں مزید بارشیں ہوں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 16 اگست کو سندھ میں بارش برسانے والا نیا سسٹم داخل ہوگیاجبکہ کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ بدستور وقفے وقفے سے جاری ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور بلوچستان میں موجود مون سون بارش برسانے والا چوتھا سسٹم کمزور پڑ گیا تھا، تاہم ہوا کا ایک اور کم دباو¿ 16 اگست کو سندھ میں داخل ہوگیا جو 18 اگست تک بارشوں کا سبب بنے گا۔ 16 اگست کو سندھ میں داخل ہونے والے سسٹم کے باعث کراچی، حیدرآباد، سجاول، ٹھٹھہ، میرپور خاص، بدین، تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین، قمبر شہداد پور، دادو، لاڑکانہ، خیرپور اور سکھر کے علاوہ بلوچستان کے شمال مشرقی اور ساحلی علاقوں میں 18 اگست تک بارشیں ہوسکتی ہیں۔ بارشوں کے باعث دادو، جامشورو اور قمبر شہداد کوٹ میں بڑے اور شدید سیلابی ریلوں کا خدشہ ہے، اس کے علاوہ 17 اور 18 اگست کو کراچی، حیدرآباد، سجاول، ٹھٹھہ، میرپور خاص، بدین، تھرپارکر، عمر کوٹ، بدین، قمبر شہداد پور، دادو، لاڑکانہ اور خیرپور میں نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کے نئے اسپیل کے دوران حب ڈیم، تھڈو ڈیم اور ندی نالوں میں پانی کے شدید دباو¿ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
بارش سسٹم داخل