مسلم لیگ ن کا حمزہ شہباز کو قائد حزب اختلاف لانے کا فیصلہ

Aug 16, 2022 | 16:01

ویب ڈیسک

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے معاملے پر مسلم لیگ ن نے حمزہ شہباز کو دوبارہ قائد حزب اختلاف لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی میں متفقہ فیصلہ ہوگیا، آج پنجاب اسمبلی میں باضابطہ حمزہ شہباز کا نام پیش کیے جانے کا امکان ہے، اس سلسلے مسلم لیگ ن نے اتحادی جماعتوں سے بھی مشاورت کر لی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ن لیگ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی اکثریتی جماعت ہے. اتحادی بھی حمزہ شہباز کے نام پر رضا مند ہو گئے۔

واضح رہے کہ حمزہ شہباز ان دنوں نجی دورے پر لندن میں موجود ہیں جبکہ حمزہ شہباز شریف کا رواں ہفتے لندن سے لاہور آنے کا امکان ہے۔پنجاب اسمبلی کے ایوان میں اراکین کی کل تعداد 371 ہے۔ پنجاب میں اس وقت سامنے آنے والی پارٹی پوزیشن کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے اسمبلی میں پہلے 163 ممبران تھے لیکن ضمنی الیکشن میں 15 نشستیں حاصل کرنے سے اس کے ارکان کی تعداد 178 ہوگئی ہے۔پنجاب میں پی ٹی آئی کی اتحادی جماعت (ق) لیگ کے کل 10 ارکان ہیں جس کے بعد دونوں جماعتوں کے پنجاب اسمبلی میں اس وقت مجموعی طور پر 188 ارکان ہیں۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے پہلے پنجاب اسمبلی میں 164 ارکان تھے لیکن ضمنی الیکشن میں 4 نشستیں لینے کے بعد اب اس کے ارکان کی تعداد 168 ہوگئی ہے۔اس کےعلاوہ پنجاب میں پیپلز پارٹی کے 7 ارکان ہیں جب کہ 3 آزاد ارکان اور ایک رکن راہِ حق پارٹی کا ہے جس کے بعد (ن) لیگ کے اتحادیوں کے ساتھ کل نمبر 179 ہیں جبکہ پنجاب اسمبلی کے 371 کے ایوان میں (ن) لیگ کے 2 ارکان کے استعفوں کے بعد اس وقت بھی 2 نشستیں خالی ہیں۔

17 جولائی کو ہونے والے ضمنی الیکشن میں ایک آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوا ہے جبکہ رکن پنجاب اسمبلی چوہدری نثار غیر فعال ہیں۔

مزیدخبریں