لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشیا کرکٹ کپ کیلئے قومی کرکٹرز کی لاہور میں تیاریاں جاری ہیں ۔کھلاڑی کوچز کی زیر نگرانی بیٹنگ‘بائولنگ اور فیلڈنگ کیساتھ ساتھ جسمانی فٹنس پر بھی زور دے رہے ہیں ۔کھلاڑیوں کی پریکٹس کیلئے آٹھ اضافی کھلاڑیوں کو بھی ٹریننگ کیمپ طلب کیا گیا ہے ۔ کھلاڑی ایونٹ میں شرکت کیلئے کل سری لنکا روانہ ہونگے ۔ کپتان اور کچھ دیگر کھلاڑی سری لنکا میں ہی ٹیم کو جوائن کرینگے ۔ ایشیاکپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان شیڈول میچ کے ٹکٹس کی قیمتیں سامنے آگئیں۔ سری لنکا میں شیڈول ایشیاکپ کے 9میچز کیلئے ٹکٹوں کی آن لائن بکنگ شروع ہوگئی، پاکستان اور بھارت کے درمیان میچز کے ٹکٹس کی قیمتیں 20ڈالر سے شروع ہوں گی جبکہ وی وی آئی پی ٹکٹس 500ڈالر میں دستیاب ہوگا۔ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے میچز کی ٹکٹس کی فروخت کا آغاز 12اگست سے کردیا گیا تھا، پی سی بی ایونٹ میں 4میچز کی میزبانی کریگا۔ پاکستان میں شیڈول ایشیاکپ میچز کیلئے سستا ترین ٹکٹ 1500روپے سے شروع ہوگا جو 8ہزار روپے تک دستیاب ہوگا جبکہ مہنگا ترین ٹکٹ وی وی آئی پی کیلئے 10ہزار روپے بک ہوگا۔ افتتاحی میچ 30اگست کو ملتان میں پاکستان اور نیپال کے درمیان کھیلا جائیگا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ دو ستمبر کو کینڈی میں کھیلا جائیگا جبکہ ایشیاکپ کا فائنل 17ستمبر کو کولمبو میں ہوگا۔قومی ٹیم کے بیٹر عبداللہ شفیق نے کہا ہے کہ بھارت کیخلاف میچ کیلئے تمام کھلاڑی پرجوش ہیں۔ میرا آغاز اچھا نہیں رہا، اب فوکس پرفارمنس پر ہے، ریڈ بال میں اچھی پرفارمنس رہی ہے۔بابر اعظم دنیا کے ٹاپ بیٹر ہیں، ان کی حوصلہ افزائی اچھی رہتی ہے، اس حوصلہ افزائی سے مزید اچھا کرنے کیلئے متحرک ہوتے ہیں، ہمارے پاس بہترین فاسٹ بائولرز ہیں جس کا فائدہ ہوتا ہے، اچھے بائولرز کو کھیلا ہو تو پھر دنیا کے بہترین بائولرز کو کھیلنے میں آسانی ہوتی ہے۔ وائٹ بال کرکٹ تبدیل ہو چکی ہے، ون ڈے میں 300رنز بن رہے ہیں اسی حکمت عملی کیساتھ کھیل رہے ہیں، اتنے رنز بنانے کی کوشش کرتے ہیں کہ بائولرز کو دفاع کرنے میں آسانی ہو، میں خود کو ہر وقت بہتر کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ آنے والی سیریز اور ایونٹس میں بحیثیت ٹیم اچھا کرنے کا ٹارگٹ ہے، ناکامی سے انسان سیکھتا ہے اور میں بھی کوشش کر رہا ہوں کہ اچھے سے اچھا کروں۔قومی سلمان علی آغا نے کہا کہ بھارت کیخلاف میچ کیلئے پرجوش ہوں اور حریف کوئی بھی ہو اچھا کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ بھارت کیخلاف میچ کا دبائو نہیں لوں گا بلکہ اچھا کرنے کی کوشش کروں گا، ایشیا کپ سے قبل افغا نستان سیریز کا بھی فائدہ ہوگا۔کوشش یہی ہوتی ہے کہ وائٹ بال ہو یا ریڈ بال ایک ہی طرح کھیلوں، ایک ہی سٹائل سے کھیلتا ہوں لیکن سری لنکا میں کنڈیشنگ مختلف ہوتی ہیں یہ ایک نیا چیلنج ہے لیکن اچھا کھیلیں گے۔ ون ڈے میں محمد رضوان کیساتھ زیادہ پارٹنر شپ رہی ہے، ان کیساتھ کھیلنے کا مزہ آتا ہے وہ میرے فیورٹ پارٹنر ہیں، مڈل آرڈر کو اچھا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، بیٹنگ اور بائولنگ میں مڈل آرڈر اوورز اچھا کرنے کی ضرورت ہوتی ہے ۔اگر مڈل اوورز اچھے ہوں تو ٹیم اچھا کرتی ہے۔ افغانستان کے ورلڈ کلاس سپنرز ہیں تو ہمارے بھی ورلڈ بیٹرز ہیں، ٹیم اچھا کرنے کی کوشش کرے گی۔