لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس منعقد ہوا۔ پولیس ایگزیکٹو بورڈ نے اہم فیصلے کی منظوری دی۔ پولیس ایگزیکٹو بورڈ نے فورس کیلئے مہنگی سنائپر رائفلز کی خریداری نہ کرنے کی متفقہ فیصلے کی منظوری دی، سنائپرز رائفلز کی بجائے فورس کیلئے ایمونیش کی خریداری کی جائیگی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس کے سنائپرز کی استعداد کار میں اضافے کیلئے موجود رائفلز سے جدید ٹریننگ دلوائی جائیگی، پولیس ایگزیکٹو بورڈ نے 1992ء سے قبل کے پولیس ملازمین کی بیواؤں کو کم از کم اجرت کی شرح کے مطابق 32 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دینے کی منظوری دی۔ پنجاب ایگزیکٹو بورڈ نے کانسٹیبلری اور شہدا کے بچوں کیلئے فارن سکالر شپس کے اجراء کی منظوری بھی دیدی۔گریجوایشن، پوسٹ گریجوایشن، سپیشلائزیشن کیلئے تعلیم مکمل ہونے تک فارن سکالر شپ اور ایک بار فضائی سفر کا ٹکٹ دیا جائیگا، پی ایس پی اور سینئر پولیس افسران اس فارن سکالر شپ پروگرام میں شامل نہیں ہوں گے۔ شہدا ء کے بچوں کی تعلیمی استعداد بڑھانے کیلئے ویلفیئر فنڈ سے مزید 50 لیپ ٹاپس دیئے جائیں گے۔اجلاس میں ٹریفک پولیس، سٹیبلشمنٹ، لاجسٹکس، ڈویلپمنٹ اور سیف سٹی سے متعلقہ امور زیر بحث آئے جبکہ آپریشنز، اسٹیبلشمنٹ اور انویسٹی گیشن سمیت دیگر برانچوں سے متعلقہ امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔