کابل (نیٹ نیوز) افغانستان میں بچیوں کے سکول کھلوانے کیلئے سینئر افغان صحافی اور سماجی کارکن محبوبہ سراج طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کے دفتر پہنچ گئیں۔ طالبان حکومت کے ترجمان سے ملاقات کے دوران محبوبہ سراج نے کہا خدا کیلئے لڑکیوں کے سکول کھول دو، افغانستان ایک ایسی نسل کا متحمل نہیں ہوسکتا جو سکول ہی نہ گئی ہو۔ انہوں نے کہا طاقت سے اقتدار حاصل تو کیا جا سکتا ہے مگر اسے برقرار نہیں رکھا جا سکتا، جب تک طالبان حکومت یہ مسئلہ حل نہیں کرتی دنیا ان کے خلاف ہی رہے گی۔ اس موقع پر ذبیح اللہ مجاہد نے کہا سکول کی لڑکیاں حکومت کے خلاف جائیں گی تو یہ معاشرے کو غیر مستحکم کر سکتا ہے۔ طالبان ترجمان نے محبوبہ سراج کے تحفظات افغان حکومت تک پہنچانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا وہ صرف ترجمان ہیں، معاملے کو عمائدین تک پہنچا دیں گے۔